وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا

وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورزپررمضان پیکیج کااعلان کر دیا،مجموعی طور پر پونے دو ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی چینی، چائے، گھی، آٹا اور دالوں سمیت سینکڑوں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر ماہ صیام کے دوران سستی اشیائے خورونوش فروخت کرنے کے لئے رمضان پیکیج جاری کر دیا گیا۔ جس کے تحت چینی پانچ روپے سستی ہونے سے اکسٹھ روپے فی کلوگرام ہو جائے گی، بیس کلوگرام آٹے کا تھیلا چھ سو پچانوے سے کم ہو کر چھ سو پندرہ روپے، دال چنا اور کالے چنے ایک سو بیس روپے سے ایک سو دس روپے، دال ماش دس روپے کمی سے دوسو پینسٹھ روپے اور دال مونگ ایک سو پچپن روپے فی کلوگرام فروخت ہو گی۔ مسور ثابت اور دال مسور ایک سو بیس روپے سے کم ہوکر ایک سو دس روپے فروخت ہو گی۔ مختلف کمپنیوں کاگھی آٹھ روپے فی کلوگرام سستا ہو گاجبکہ یوٹیلیٹی گھی میں کوئی کمی نہیں ہو گی۔ مشروبات پر آٹھ روپے سے سترہ روپے تک کمی کی جائے گی۔ اسی طرح مختلف برینڈز کے صابن دو سے تین روپے سستے ہوں گے۔ رمضان پیکیج کا اطلاق یکم جون سے ملک بھر کے پانچ ہزار پانچ سو یوٹیلیٹی سٹورز پرہوگا۔

یوٹیلیٹی سٹورز

مزید : علاقائی