مسیحی برادری نے وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے یوم دعا منایا

مسیحی برادری نے وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے یوم دعا منایا

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستانی مسیحی برادری نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لئے یوم دعا منایا ۔ اس حوالے سے منعقد سنڈے سروسز میں خصوصی طور پر محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کے لیے دعائیں کرائی گئیں ۔ اس سلسلے میں اٹرنل لائف منسٹریز چرچ پاکستان نے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ جس میں چیئرمین اٹرنل لائف چرچ پاسٹر انور فضل نے دیگر خادمین ، پاسٹر شوکت فضل ، منور فضل ، سسٹر نداانور، پاسٹر عمران اور کلیسیاکے ساتھ مل کر محمد نواز شریف کے کامیاب آپریشن اور جلد صحتیابی کے لئے دعا کروائی دعائیہ اجتماع میں ہزاروں مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مسیحی بہنوں بھائیوں نے ملک پاکستان کی سلامتی استحکام ،وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت یابی ، کامیاب آپریشن، ان کے خاندان اور پوری قوم کے لیے دعائیں کی گئیں۔خدامحمد نواز شریف کو جلد از جلد صحت کاملہ عنائت فرمائے۔ تاکہ وہ صحت یاب ہو کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔علاوہ ازیں کیتھولک چرچ آرچ بشپ انارکلی میں بشپ سبسطین شاہ نے وزیراعظم کے آپریشن کی کامیابی اور جلد صحتیابی کے لیے دُعا کروائی جس میں مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ سنٹرل چرچ وارث روڈ میں بھی سنڈے سروسز میں محمد نواز شریف کی صحت کیلئے پادری امینول کھوکھر نے دُعا کرائی جس میں مسیحی برادری نے پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کیلئے بھی دُعا کی ۔ کرائسٹ چرچ یوحنا آباد میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحتیابی کیلئے خصوصی دُعا کی گئی ۔ اور پاسٹر ارشاداشکناز نے پاکستان کے لیے وزیراعظم کی خدمات کو سراھتے ہوئے ان کی صحتیابی کیلئے خصوصی دُعاکی۔

مزید : کراچی صفحہ اول