حرمین شریفین میں استقبال رمضان المبارک کی تیاریاں مکمل

حرمین شریفین میں استقبال رمضان المبارک کی تیاریاں مکمل

جدہ (محمد اکرم اسد/بیورو چیف) حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک کے استقبال کے لئے جامع منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ زائرین حرم کی خدمت کے لئے 10 ہزار سے زیادہ تربیت یافتہ افراد تعینات کردئیے گئے ہیں۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں پورے صحن مطاف کو زائرین کے لئے کھول دیا جائے گا۔ مطاف کی تینوں منزلوں میں طواف کیا جاسکے گا۔ حرم مکہ کے داخلی دروازے کھول دئیے جائیں گے۔ رمضان المبارک کے د وران باب فہد اور باب عبدالعزیز بھی کھولے جائیں گے۔ زائرین حرم کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ امامت کے لئے مقام ابراہیم کے قریب انتظام کیا جائے گا۔ جنازوں کو مشرقی دروازوں سے لایا جائے گا۔ شاہ فہد توسیعی منصوبے کو زائرین حرم کے لئے مکمل طور پر کھول دیاجائے گا۔فنی ٹیموں نے برقی سیڑھیوں اور کولنگ سسٹم کی مکمل مرمت کرلی ہے۔ رمضان المبارک کے منصوبے کے نفاذ کے لئے اس کی 24گھنٹے نگرانی ضروری ہے۔ تمام معاملات کی نگرانی کے لئے بھی ٹیم بنائی گئی ہے۔ حرم مکی شریف کے زائرین کے لئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ زائرین حرم کی امن و سلامتی کے لئے سکیورٹی اداروں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اسی طرح مسجد نبویؐ میں بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ روضہ رسولﷺ پر خواتین کی حاضری اور سلام پیش کرنے کے لئے تین اوقات متعین کئے ہیں۔ خطبات کا دیگر زبانوں میں ترجمے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ مسجد نبویؐ کے بھی تمام دروازے کھولے جائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر