الیسٹر کک کا اعزاز: دس ہزار رنز بنانے والے پہلے انگلش ٹیسٹ کرکٹر بن گئے
چیسٹر لی سٹریٹ(ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک اس وقت ایک منفرد اعزاز کے مالک بن گئے جب انہوں نے سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے دس ہزار رنز مکمل کر لئے۔ الیسٹر کک یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے انگلش بلے باز ہیں۔ ان کو اس اعزاز تک پہنچنے کا موقع سری لنکا کی ٹیم نے دیا جس کے بلے بازوں نے دوسری اننگ میں شاندار بلے بازی کرنے کے بعد انگلینڈ کو یہ موقع دیا کہ وہ دوسری اننگ بھی کھیل سکے۔اس طرح کک نے دوسری اننگ کا آغاز کیا اور اپنے دس ہزار رنز مکمل کئے۔اپنا 128واں ٹیسٹ کھیلنے والے کک کے ہاتھ ایک اور اعزاز اس میچ کے دوران لگا کہ وہ اس وقت دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دس ہزار رنز بنائے ہیں اور اب بھی کھیل رہے ہیں۔ اس سے پہلے سری لنکا کے کمار سنگاکارا دس ہزار رنز بنا کر کھیلنے والے آخری بلے باز تھے۔کک نے 28ٹیسٹ سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں۔وہ گراہم گوچ کے بعد دوسرے انگلش بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے ہوم گراونڈز پر پانچ ہزار سے زائد انٹرنیشنل رنز بنائے ہیں۔ان کا بہترین سکو 294رنز ہے۔