مردان: پولیس نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنا دی، خودکش حملہ آور فائرنگ سے ہلاک ، پولیس اہلکار سمیت 8افراد زخمی
مردان(مانیٹرنگ ڈیسک) مردان میں مردان پولیس نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنا دی۔ خودکش حملہ آور فائرنگ سے ہلاک کر دیا. یولیس سٹیشن کے قریب بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ سٹی پولیس سٹیشن کے قریب ہوا ۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے تصدیق کی ہے کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا ۔ سکیورٹی اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر بھی ملا ہے۔نیو نیوز کے مطابق پولیس سٹیشن کے قریب دو دھماکے ہوئے۔ایک دھماکہ حملہ آور کی ہلاکت کے بعد ہو ا۔ ڈی پی او مردان نے بھی خودکش حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس میں ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ڈی پی او کا مزید کہنا ہے کہ حملہ آور ایس ایچ او نشانہ بنانا چاہتا تھا ۔ وہ سائیکل پر ایس ایچ او کی گاڑی کے ساتھ چل رہا تھا۔ اس کے ہاتھ میں دستی بم دیکھ کر پولیس اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔ خودکش جیکٹ فائرنگ سے پھٹ گئی جس کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔