رئیل اسٹیٹ ایجنٹس معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں:ایف پی سی سی آئی

رئیل اسٹیٹ ایجنٹس معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں:ایف پی سی سی آئی

  

لاہور(کامرس ڈیسک )ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تعمیراتی شعبہ نے نو فیصد شرح نمو دکھائی ہے جس سے اسکے فعال ہونے کا پتہ چلتا ہے۔ یہ شعبہ اسٹیٹ ایجنٹس کی بھرپور شرکت کے بغیر نا مکمل ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے یہ بات رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ یہ شعبہ عوام کو مکانات اور کاروباری برادری کو کاروبار کیلئے جگہ فراہم کرنے میں مددگار کا کردار ادا کرتا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی رہنمائی بھی کرتا ہے۔ دیار غیر میں مقیم پاکستانی بھی اسی شعبے کی مدد سے ملک میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔اس شعبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاقی چیمبر اپنا کردار ادا کرے گا جبکہ اسی مہینے انکے اعزاز میں افطار ڈنر بھی دیا جائے گا۔دریں اثناء ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر میاں شوکت مسعود اور چئیرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل نے اسلام آبادرئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر رانا ارشد، اول نائب صدر فخر الزمان ، نائب صدر راجہ عامر ریاض، جنرل سیکرٹری محمد زولقرنین عباسی، سید عمران بخاری اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور انھیں ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

انھوں نے کہا کہ ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ایف پی سی سی آئی کے صدر کی طرف سے اسٹیٹ ایجنٹس کے بارے میں نادانستہ طور پر غلط الفاظ نکل گئے تھے جس پر وہ دل کی گہرائی سے معذرت کرتے ہیں اور وہ اس شعبہ کی خدمات کے معترف ہیں۔

مزید :

کامرس -