آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط

آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط

  

ڈھاکہ(نیٹ نیوز)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا رواں برس دورہ بنگلہ دیش سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہے، کرکٹ آسٹریلیا چیئرمین ڈیوڈ پیور کی جانب سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)کے صدر نظم الحسن کو ذاتی طور پر سٹیون سمتھ الیون کے دورہ بنگلہ دیش کی یقینی دہانی کرانے کے باوجود تاحال کینگروز کے دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے غیریقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔مجوزہ شیڈول کے تحت آسٹریلوی ٹیم نے 18اگست کو بنگلہ دیش پہنچنا ہے اور 22سے 24اگست تک تین روزہ پریکٹس میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔

، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 27 سے 31اگست جبکہ دوسرا ٹیسٹ 4سے 9 ستمبر تک کھیلا جانا ہے۔بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ پیور نے گزشتہ ہفتے آئی سی سی اجلاس کے دوران مجھے گارنٹی دی ہے کہ سیریز حتمی ہو گئی ہے لیکن جب اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان سے پوچھا گیا تو انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہے، سو فیصد مطمئن ہونے کے بعد ہی ٹیم کو بنگلہ دیش بھیجیں گے۔واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے 2015 میں سیکیورٹی خدشات کے باعث دورہ بنگلہ دیش سے دستبرداری اختیار کی تھی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -