پاک فوج کیخلاف پراپیگنڈا ، ملزم کے گھر چھاپہ مارنے کی اجازت
لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے فیس بک پر پاک فوج اور حکمرانوں کے خلاف پیغامات اپ لوڈ کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کے گھر پر چھاپہ مارنے کی اجازت دے دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کے روبرو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم احسان الحق قریشی K۔271 بلاک ڈیفنس میں فیس بک اکاؤنٹ چلا رہا ہے اور اس اکاؤنٹ کے ذریعے پاک فوج اور موجودہ حکمرانوں کے خلاف غلیظ پیغامات اپ لوڈ کئے جا رہے ہیں، ایف آئی اے افسر نے مزید موقف اختیار کیا کہ قوی یقین ہے کہ ملزم کے ڈیفنس میں واقع گھر پر چھاپہ مارنے سے ڈیجیٹل میڈیا ، فوج اور حکومت مخالف مواد برآمد ہو سکتا ہے ،ڈیفنس کے رہائشی ملزم احسان الحق کے گھر پر چھاپہ مارنے کی اجازت دی جائے۔