میرٹ ، شفافیت ہماری حکومت کا سکہ رائج الوقت ، اقر باپروری ، سفارش اور کرپشن کے بت پاش پاش کر دیئے : شہباز شریف

میرٹ ، شفافیت ہماری حکومت کا سکہ رائج الوقت ، اقر باپروری ، سفارش اور کرپشن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں اندھیروں سے روشنیوں کی جانب سفر جاری ہے۔ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی دوسری ٹربائن نے بھی بجلی کی پیداوار کا آغاز کر دیاہے۔ابتدائی طو رپر دوسری ٹربائن سے 137میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے ۔چند روز بعد ساہیوال کول پاور پلانٹ سے مجموعی طو ر1320میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سی پیک کاپہلا اور پاکستان کا سب سے بڑا کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ہے۔ہماری حکومت نے منصوبوں میں رفتار ،معیار او رشفافیت کے نئے کلچر کو فروغ دیا ہے۔وزیراعلی شہبازشریف نے ان خیالات کااظہارساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اراکین پارلیمنٹ نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سے ریکارڈ مدت میں بجلی کی پیداوار پر وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی ۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے صوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دیاہے۔اقربا پروری ، سفار ش او رکرپشن کے بت پاش پاش کئے ۔تمام محکموں میں بھرتیاں صر ف اورصرف میرٹ کی بنیاد پر ہورہی ہیں۔ فروغ تعلیم کے لئے بھی ٹھو س اقدامات کئے گئے ہیں۔طلبا وطالبات کو بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سکولوں میں ہزاروں میں اضافی کمرے بنائے جا رہے ہیں۔بجلی سے محروم سکولوں کو سولر پینلز سے روشن کرنے کے بڑے پروگرام کو آگے بڑھایا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ پتوکی ٹال پلازہ پر ٹریفک کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔وزیراعلی نے بصیر پور میں ریت کی لیز ز کے حوالے سے شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ کو فوری طور پر موقع پر جاکر ذمہ دارو ں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ اس ضمن میں آج ہی مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔پنجاب میں ریت کی دیگر لیزز کے حوالے سے انکوائری کاحکم دیتے ہوئے وزیراعلی معائنہ ٹیم کوجامع تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلی نے ساہیوال میں قتل کے واقعہ کے ملزم نہ پکڑے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ۔پولیس افسر ان کی جانب سے قتل کے ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے ۔اراکین اسمبلی نے گندم خریداری مہم اور خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام اور تعلیم وصحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، قائم مقام انسپکٹرجنرل پولیس،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور ساہیوال ڈویژن کے انتظامی وپولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔شہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ ، پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے آج صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی وافر اور مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانا متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لہٰذا عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کیلئے متعلقہ محکمے اور انتظامیہ متحرک انداز میں فرائض سرانجام دے۔ وزیراعلیٰ نے عام مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی معیاری اشیائے ضروریہ،پھلوں اورسبزیوں کی مناسب نرخوں پرفراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کیساتھ عام مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، کوالٹی اور وافر سپلائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مہنگے داموں اشیاء ضروریہ، پھل اورسبزیاں فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ مجھے اپنے عوام کا مفاد بے حد عزیز ہے اور منافع کے نام پرعوام کولوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔دوسری طرفشہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کھیلوں کے فروغ کیلئے سپورٹس کمپلیکس کے قیام کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا ۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اور قوم کا روشن مستقبل ہیں اورپنجاب حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے ساتھ بڑے شہروں میں جدید سپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں سپورٹس کمپلیکس بنانے کے لئے فوری طور پر منصوبہ بندی کی جائے ۔ وزیر اعلی نے لاہور میں جدید سہولتوں سے آراستہ 12 جدید سپورٹس کمپلیکس بنانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے اوراسی مقصد کے پیش نظر سپورٹس کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں ۔ایم این اے پرویز ملک ، لارڈ میئر لاہور ، چیف سیکرٹری ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئر مین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری سپورٹس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
شہباز شریف


مزید :

صفحہ اول -