افغانستان میں ایک ہفتے کے دوران فورسزکے 100نوجوان ہلاک

افغانستان میں ایک ہفتے کے دوران فورسزکے 100نوجوان ہلاک

  

کابل (این این آئی)افغان حکام نے بتایاہے کہ رواں ہفتے میں باغیوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فوجی اور پولیس اہل کاروں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 100 ہوگئی ہے۔افغان حکام نے امریکی ٹی وی کو بتایاکہ صوبہ زابل کی ایک سکیورٹی چوکی پر گذشتہ رات اندرونِ خانہ حملے کا واقعہ ہوا جس میں پولیس محافظ نے اپنے ہی ساتھیوں پر بندوق تان لی۔اْنھوں نے چھ پولیس والوں کو ہلاک کریا، جس میں چوکی کا کمانڈر بھی ہلاک ہوگیا۔ افغان ذرائع ابلاغ نے مقامی پولیس اہل کاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ بعدازاں گولی چلانے والا طالبان کے ساتھ مل گیا اور چوکی باغیوں کے حوالے کر دی۔گذشتہ ہفتے، طالبان نے متعدد افغان فوجی اڈوں اور تنصیبات پر حملے کیے، خاص طور پر جنوبی صوبوں میں، جس دوران سکیورٹی افواج کے بیسیوں اہل کار ہلاک و زخمی ہوئے۔متبرک ماہ رمضان کی یکم تاریخ کو خوست کے مشرقی شہر میں ایک طالبان خود کش حملہ آور نے کار میں لدے دھماکہ خیز مواد کو افغان 'الیٹ فورس' کے ایک قافلے سے ٹکرا دیا، جو امریکی افواج کو سکیورٹی فراہم کرتے ہیں۔ دھماکے میں کم از کم 18 اہل کار ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔افغان وزارتِ دفاع کے اہل کاروں نے بتایا کہ سرکاری افواج نے بدلہ لینے کی کارروائی میں میدانِ جنگ میں طالبان کو کافی جانی نقصان پہنچایا۔

مزید :

عالمی منظر -