وفاقی بجٹ میں صدر مملکت اور وزیر اعظم کی مراعات میں اضافے کے خلاف قرار داد پیش

وفاقی بجٹ میں صدر مملکت اور وزیر اعظم کی مراعات میں اضافے کے خلاف قرار داد پیش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)وفاقی بجٹ میں صدر مملکت اور وزیر اعظم کی تنخواہوں ،مراعات اور فنڈز میں اضافے کے خلاف تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد پیش کر دی ہے پی ٹی آئی کے ایم پی اے محمد شعیب صدیقی کی طرف سے پیش کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش اور دیگر معاملات کیلئے اربوں روپے مختص کیے جا رہے ہیں جبکہ حقائق یہ ہیں کہ ملک ہنگامی حالت میں ہے عوام الناس مہنگائی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کا شکا ر ہیں شعیب صدیقی نے اپنی قرار داد میں کہا ہے کہ ان حالات میں صدر اور وزیر اعظم کے زیر استعمال فنڈز میں اضافہ نا قابل فہم ہے ۔

اور حکمرانوں کیلئے اس طرح کے مالی فوائد کے خلاف عوام میں سخت بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے لہذا پنجاب اسمبلی کا ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ صدر مملکت اور وزیر اعظم کی تنخواہوں ،مراعات اور فنڈز میں اضافہ سمیت ان کے دفاتر کی تزئین و آرائش اور دیگر معاملات کیلئے اربوں روپے مختص نہ کیے جائیں ۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ ایک طرف غریب غریب تر ہو رہا ہے جبکہ حکمرانوں کو اپنی عیاشیوں کی پڑی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اپنے آخری بجٹ میں بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے اور حکومتی وزراء غلط اعدادو شمار پیش کر کے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر آواز بلند کرتی رہے گی اور حکمرانوں کے ہر غلط کام کی نشاندہی کریں گے ۔