پاک فوج فائرنگ سے متاثرہ شہریوں کا خیال رکھے گی،جنرل عامر ریاض

پاک فوج فائرنگ سے متاثرہ شہریوں کا خیال رکھے گی،جنرل عامر ریاض

  

راولپنڈی/ چمن(این این آئی)افغان سرحدی پولیس کی جانب سے فائرنگ کی وجہ سے شہید اور زخمی ہونیوالے کی قربانیوں کے اعتراف کیلئے چمن میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ،کلے جہانگیر اور کلے لقمان کے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں میں 34 لاکھ روپے نقد اور 1.428 ٹن راشن تقسیم کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریبی دیہات کلے جہانگیر اور کلے لقمان کے رہائشیوں کی افغان بارڈر پولیس کی جانب سے پانچ مئی کو کی گئی فائرنگ کے نتیجہ میں دی گئی قربانیوں کے اعتراف کیلئے چمن میں ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔ کمانڈر جنوبی کمان لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے اپنے دورہ چمن کے دوران متاثرہ شہریوں کو یقین دلایا تھا کہ پاک فوج ان کا خیال رکھے گی اس حوالے سے ایک ریلیف و اعانتی پیکج متاثرین میں تقسیم کیا گیا ۔ دونوں دیہات کے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں میں 34 لاکھ روپے نقد اور 1.428 ٹن راشن تقسیم کیا گیا ۔ ہیڈ کوارٹرز فرنٹیئر کور کی جانب سے اڑھائی کروڑ روپے کا ریلیف پیکج پہلے ہی تقسیم کیا جا چکا ہے۔ ایف سی اپنے سکول میں چمن شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرے گی ۔ صوبائی حکومت کی جانب سے بھی سانحہ چمن کے شہداء اور زخمیوں کیلئے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ پیر کو منعقدہ تقریب میں سول انتظامیہ کے نمائندوں اور مقامی افراد نے بھی شرکت کی اورپاکستان آرمی اور ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -