امریکیوں کیلئے پاکستان میں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں؛ اعزاز چودھری

امریکیوں کیلئے پاکستان میں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ...

  

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور جو منافع آپ یہاں امریکہ میں کما رہے ہیں وہی منافع پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعہ حاصل کر سکتے ہیں۔یہ بات انہوں نے ریاست ٹیکساس میں انرجی کے شعبہ کے مرکزی شہر مڈلینڈ میں انرجی سیکٹر کے سرمایہ کاروں کے ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کے میزبان پاکستانی نڑاد امریکی آئل بزنس کے ٹائیکون سید جاوید انور تھے ۔اس موقع پر پاکستانی سفیرنے کہاکہ پاکستان میں اس وقت بھی انرجی کی کمی ہے اور ہم اس پر انشاء اللہ آئندہ سال قابو پا لیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئل کے حصول سے متعلق جو بریفنگ دی گئی ہے اس کے مطابق آپ لوگ جدید مشینری کا استعمال کر رہے ہیں جس سے کم وقت میں زیادہ تیل حاصل کیا جا رہا ہے اورمیری خواہش ہے کہ آپ پاکستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں۔اعزاز چوہدری نے اس موقع پرمیزبان کا شکریہ اد اکرتے ہوئے کہا کہ سید جاوید انور امریکی خواب کی ایک بڑی مثال ہیں جو 70کی دہائی میں کراچی سے امریکہ آئے، پیٹرولیم میں انجینئرنگ کی اور بعدازاں اپنی کمپنی قائم کی اور اس شعبہ میں ایک ایمپائر تشکیل دیتے ہوئے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے۔اس موقع پر پاکستانی سفیر کو ڈرلنگ مشین کاسیمپل دیا گیا۔ قبل ازیں آئل بزنس کے ٹائیکون نے پاکستان سفیر کو تیل نکالنے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم زمین میں عمودی اور ایک میل کے بعد افقی ڈرلنگ کر کے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ تیل حاصل کرتے ہیں، اس کے سبب ہی آج امریکہ جو 65 فیصد آئل امپورٹ کرتا تھا اب وہ کم ہو کر 40فیصد پر آ گیاہے اور یہی ٹیکنالوجی پاکستان میں استعمال کر کے انرجی سے متعلق کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر میئر مڈ لینڈ جیری مور انوس بھی موجود تھے جبکہ ہیوسٹن کی قونصلیٹ جنرل، عملہ کے اراکین اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ پاکستانی سفیر کے ہمراہ آئے تھے۔

مزید :

صفحہ آخر -