موسم گرما کی تعطیلات، پرائیویٹ سکول مالکان کا احکامات ماننے سے انکار، سخت گرمی میں طلبہ کو حاضر رہنے کا حکم

موسم گرما کی تعطیلات، پرائیویٹ سکول مالکان کا احکامات ماننے سے انکار، سخت ...

  

لاہور(حافظ عمران انور) ہٹ دھرمی اور پیسوں کی ہوس ، پرائیویٹ سکول مالکان نے موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے محکمہ تعلیم کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ۔ چلچلاتی دھوپ ،سخت گرمی اور بدترین لوڈ شیڈنگ کے باوجود طلباء کو سکولوں میں حاضررہنے کا حکم دے دیا۔ قربان سکول سسٹم ،دی سمارٹ سکول ،الائیڈ سکول ،دی ایجوکیٹرز ،سلک سکول،فیوچر سکول سسٹم ،دار ارقم سکول سمیت پرائیوٹ سکول فیڈریشن کے تحت چلنے والے نوے ہزار سے زائد پرائیویٹ سکولوں میں تدریسی عمل جاری ۔بیشتر سکولوں نے دو ماہ کی فیسیں بھی یکمشت وصول کر لیں ۔ایسوسی ایشن کے صدر نے یکم جون سے 31جولائی تک چھٹیوں کا عندیہ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ سکول مافیا کی ہٹ دھرمی اور پیسوں کی ہوس نے طلبہ اور ان کے والدین کو شدید زہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے ۔شدید ترین گرم موسم اور اوپر سے بدترین لوڈ شیڈنگ کے باوجود پرائیویٹ سکول مالکان نے طلباء کو سکولوں میں حاضر رہنے کے احکامات دے دئیے ہیں جس کے باعث بچوں کی اکثریت کلاس رومز میں بے ہوش ہونے کی اطلاعات ہیں ۔پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے عہدیدار کے مطابق اس وقت پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے تحت لاہور کے اٹھارہ ہزار سے زائد اور پنجاب بھر میں قائم نوے ہزار سکولوں میں تدریسی عمل جاری ہے جو کہ حکومت پنجاب کی چھٹیوں کے حوالے سے احکامات کی سرا سر نفی ہے ۔واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے پنجاب بھر کے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں 25مئی کوموسم گرما کی چھٹیوں کے واضح احکامات دئیے گئے تھے مگر پرائیویٹ سکول مالکان نے فیسوں کی وصولی کے لئے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سکولوں میں ابھی تک تدریسی عمل جاری رکھا ہو ہے ۔جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے احکامات نہ ماننے والے سکول مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے رکھا ہے مگر طاقتور سکول مافیا نے حکومت پنجاب کے احکامات کو ماننے سے یکسر انکار کر دیا ہے ۔ادھر پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈریشن نے یکم جون سے 31جولائی تک چھٹیوں کا فیصلہ کیا ہے جس کا با ضابطہ اعلان آج اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکول فیڈریشن ملک بھر میں قائم 125ایسوسی ایشنز کی نمائندہ تنظیم ہے ۔کوئی فرد واحد اپنے طور پر فیصلہ نہیں کر سکتا ۔

مزید :

صفحہ آخر -