ماہ مبارک کا تقدس پامال‘ جگہ جگہ ٹینٹ ہوٹل کھل گئے
ملتان(جنرل رپورٹر)ماہ صیام کا تقدس پامال‘ شہر میں جگہ جگہ ٹینٹ والے ہوٹل کھل گئے ‘روزہ خوروں کی موجیں‘ ضلعی انتظامیہ رمضان بازاروں تک محدود ہو کر رہ گئی ذرائع کے مطابق شہر کے اہم مقامات ڈیرہ اڈا‘ ولایت آباد‘ معصوم شاہ روڈ‘ چوک کمہاراں والا‘ عزیز ہوٹل‘ پرانا شجاع آباد روڈ‘ پرانا(بقیہ نمبر60صفحہ12پر )
خانیوال روڈ‘ سورج میانی‘ ایم ڈی اے‘ جنرل بس سٹینڈ‘ ریلوے سٹیشن اور دیگر مقامات پر روزہ خوروں کے لئے ٹینٹ والے ہوٹل قائم ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بس اڈوں اور سٹیشن پر مسافروں کی سہولت کے لئے ایسے ہوٹل بنانے کی اجازت ہے مگر ہوٹل مالکان زیادہ منافع کی لالچ میں شہر بھر میں روزہ خوروں کو مہنگے داموں کھانا فراہم کررہے ہیں ‘ شہر میں چپے چپے پر قائم یہ ہوٹل ماہ صیام کا تقدس بھی پامال کرتے نظر آتے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ تو صر ف رمضان بازاروں کے دورے کرنے میں مصروف ہے جس کی وجہ سے ان ہوٹلوں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ متعدد مقامات پر دیہاڑی دار لوگوں نے بھی ٹینٹ لگا کر روزہ خوروں کو سالن روٹی کی سہولت مہیا کی ہوئی ہے ۔