وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے،سکیورٹی اہلکار کا کیمرہ مین پر تشدد
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے ہیں اور اس موقع پر دھکم پیل کے دوران حسین نواز کے سکیورٹی اہلکار کی جانب سے کیمرہ مین کو تھپڑ مارے گئے اور تشدد کانشانہ بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے دوسری پیشی پر حسین نواز اپنے وکیل کے ہمراہ پہنچ گئے ہیں،حسین نواز کو جوڈیشل اکیڈمی کے اندر داخل کیا جارہا تھا اس موقع پر میڈیا اہلکاروں کی جانب سے سوالات پوچھنے کی کوشش کی گئی مگر حسین نواز کے ساتھ آئے ہوئے سکیورٹی سکواڈ میں سے ایک اہلکار نے کیمرہ مین پر تھپڑ رسید کردیئے، جس کے بعد میڈیا کی جانب سے احتجاج کیا گیا تاہم بعدازاں یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیاگیا۔واضح رہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے حسین نواز کو آج پھر طلب کررکھا تھا اور گزشتہ پیشی پر سوالنامہ دیتے ہوئے تمام دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی تھی ۔