حکومت نے بجٹ سے ہٹ کر اربوں روپے خرچ کر ڈالے
لاہور (صباح نیوز ) وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے دھرنے ، بھارت کے خلاف کشن گنگا اور رتلے بجلی گھروں کے کیس لڑنے کی فیس ، وزیر اعظم نواز شریف کے دفتر کی تزئین و آرائش اور غیر ملکی شخصیات کے لئے مہنگی پروٹوکول کاروں اور نیا ہیلی کاپٹر خریدنے سمیت مختلف اقدامات کے تحت رواں مالی سال کے قومی اسمبلی اورسینیٹ سے منظور شدہ بجٹ سے ہٹ کر اربوں روپے خرچ کر ڈالے ہیں۔
” دنیا نیوز“ کی تحقیقات اور سرکاری دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے اکتوبر 2016ء میں اسلام آباد دھرنے پر 66 کروڑ 74 لاکھ روپے کا خرچہ وفاقی حکومت کا ہوگیا جن میں سے 46 کروڑ انتظامی معاملات ،12 کروڑ فوج اور 8 کروڑ 50 لاکھ پنجاب رینجرز کی تعیناتی پر لگ گئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت کے خلاف عالمی بنک میں مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر زیر تعمیر 850 میگاواٹ کے رتلے بجلی گھر اور دریائے جہلم پر 330 میگاواٹ کے کشن گنگا بجلی گھر کے ڈیزائن کا کیس عالمی بنک واشنگٹن کے ثالث کی عدالت میں لڑنے کے لئے بین الاقوامی لاء فرم میسرز ایلن اینڈ اوورے کو 37 کروڑ 79 لاکھ روپے اور دیگر2 فرموں، 3۔ سی اور ڈبلیو اینڈ سی کو 40 کروڑ 86 لاکھ روپے بطور فیس ادا کئے گئے ہیں جن کی منظوری وزیر اعظم نواز شریف نے براہ راست دی ہے۔