وزیراعظم اور ان کے خاندان کے ہاتھ صاف ،حسین نواز جے آئی ٹی کو مطلوبہ کاغذات دے کر آئے، تمام جوابات دئے جائیں گے،مفرور خان جلد اپنے انجام کو پہنچے گا:ڈاکٹر آصف کرمانی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر اعظم کے ایڈوائزر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہاہے کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے ہاتھ صاف ہیں،حسین نواز جے آئی ٹی کو مطلوبہ کاغذات دے کر آئے ہیں اور تمام جوابات دئے جائیں گے، امید ہے عدالت عظمیٰ جے آئی ٹی کے 2 ممبران کے بارے ہمارے تحفظات کو دوران تفتیش مد نظر رکھے گی۔
جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ حسین نواز جے آئی ٹی کو مطلوبہ کاغذات دے کر آئے ہیں اور تمام جوابات دئے جائیں گے،میری ذاتی رائے کے مطابق جے آئی ٹی کے جن ممبران پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا ان اراکین کو ازخود اس ٹیم سے علیحدہ ہو جانا چاہیے تھا تاکہ شفاف ٹرائل کا موقع فراہم ہو سکے، اسی میں ملک و قوم کی بہتری ہے۔ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ انشاء اللہ فیصلہ قانون اور انصاف کے عین مطابق ہو گا، ہم بطور مسلم لیگی کارکن حسین نواز سے ا ظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں،ہم عدالتوں کا احترام کرتے ھیں، امید ھے عدالت عظمی جے آئی ٹی کے دو ممبران کے بارے ھمارے تحفظات کو دوران تفتیش مد نظر رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عْرف مفرور خان جلد اپنے انجام کو پہنچے گا،مفرور خان عدالت میں دستاویزی ثبوت اور شواہد دینے میں ناکام رہے ہیں، منی لانڈرنگ کی ٹریل نہیں دے سکے، راشدی خط جعلسازی کا نمونہ اور راشدی بینک اکاؤنٹ میں گڑبڑ ہے۔