عام لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانا اور ان کی ضروریات پوری کرنا نئے بجٹ کی اہم ترجیحات ہیں:اسحاق ڈار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ عام لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانا اور ان کی ضروریات پوری کرنا نئے بجٹ کی اہم ترجیحات ہیں،بجٹ بارے پارلیمنٹیرنیز کی تعمیری تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق خزانہ ڈویژن سے متعلقہ معاملات کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ہمیشہ کی طرح رواں سال بھی بجٹ کی تیاری کے دوران تمام فریقوں اور ماہرین سے جامع مشاورت کی۔وزیر خزانہ نے وزارت خزانہ کے حکام سے کہا کہ وہ رواں مالی سال کا ہدف حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کریں اور تمام ضروری کوششیں جاری رکھیں۔اس موقع پرانہوں نے بجٹ کو کامیابی سے تیار کرنے اور مالیاتی بل 2017 پارلیمنٹ میں پیش ہونے پر خزانہ ڈویڑن کے حکام کو مبارکباد دی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی جانب سے تمام مفید سفارشات کو خوش آمدید کہا جائے گا اور بجٹ کی حتمی منظوری سے قبل ان پر مناسب مشاورت کی جائے گی۔