سی یپک ملکی معیشت پر شانداراثرات ڈالے گا‘ شازیہ سلیمان
لاہور(کامرس رپورٹر )ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مرکزی رہنماء و سابق صدر شازیہ سلیمان نے کہا ہے کہ پاک چین کوریڈور منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان کو دنیا بھر میں اعلیٰ مقام ملے گا بلکہ ٹیکس کی مد میں ہونے والی آمدن پاکستان کی معیشت پر شاندار و مستقل اثرات بھی ڈالے گی۔ پاکستان میں معاشی انقلاب برپا کرنے والا یہ منصوبہ نہ صرف ایک شاہراہ ریشم کو جنم دے گا جو تجارت کو محفوظ، آسان، اور مختصر بنائے گی، بلکہ اس کے ساتھ ہی گوادر کو ایک انتہائی اہم مقام میں تبدیل کر دے گا جس کی جستجو ترقی یافتہ ممالک کرتے ہیں۔ان خیالات کا ظہار انہوں نے گزشتہ روز کاروباری خواتین کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئرز رہنماء قیصرہ شیخ ، روحی رضوان ، فلاحت عمران ، فائزہ امجد ، فراتین، رخسانہ و دیگر موجو د تھیں ۔ شازیہ سلیمان نے کہا کہ چین اس وقت دنیا کی دوسری بڑی طاقت ہے۔ وہ اپنی تجارت کو فروغ دے کر سپر پاوربننے کی تیاری کر رہا ہے، اور پاکستان اس کا ہم سفر ہے۔ معاشی سرگرمیوں سے پورے خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے اور پاکستان علاقائی تجارت کا مرکز بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک و قوم کی تاریخ میں ایسے مواقع شاید ہی آتے ہیں جیسا شاندار موقع پاکستان کو ملا ہے۔چین نے اپنی معاشی پالیسی کے 4 اہداف مقرر کیے ہیں جن میں ایشیاء اور یورپ میں رابطے میں اضافہ، ون بیلٹ ون روڈ کا قیام، آزادانہ تجارت کا فروغ اور عوام کے باہمی رابطے شامل ہیں۔ خوش قسمتی سے پاکستان ان چاروں اہداف پر پورا اترتا ہے جس کی وجہ سے چین، پاکستان میں دوسرے ممالک کی بہ نسبت سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہا ہے۔