ماضی کی نسبت قومی مفاہمت کی آج زیادہ ضرورت ہے،الطاف شاہد
لاہور(جنرل رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ ویورپ کے صدر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ ماضی کی نسبت آج پاکستان کو قومی مفاہمت کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔منافرت کی سیاست ہماری ریاست اورقومی وحدت کیلئے زہرقاتل ہے ۔قومی مفاہمت کاخواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے مخلص قیادت سیّد مصطفی کمال کے ہاتھوں میں ہاتھ دیناہوں گے۔ منافرت اورمنافقت کی فصل کاشت کرنیوالے کردارہمارے دشمن ہیں۔ پی ایس پی کی زندہ ضمیر قیادت ہم وطنوں کوجوڑنے کیلئے سرگرم ہے جبکہ پیپلزپارٹی اورایم کیوایم والے عوام کوتوڑنے کے درپے ہیں۔ عوام نے منافرت کاسومنات ریزہ ریزہ کردیا،فیڈریشن کی مضبوطی پی ایس پی کامشن ہے۔ہماری ریاست اورقومی سیاست صوبائیت اورلسانیت کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔ پی ایس پی کے بانی ومرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال ،مرکزی صدرانیس احمدقائم خانی اورمرکزی سیکرٹری جنرل رضاہارون بابائے قوم قائداعظم ؒ کے زریں افکار کی روشنی میں پاکستان کوایک زندہ اورمتحدہ قوم بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔وہ ایک اعلیٰ سطحی اجلا س سے خطاب کررہے تھے ۔چودھری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ قائداعظم محمدعلی جناح ؒ وفاق کے علمبردار تھے،ان کے شہر میں پیپلزپارٹی کے قائدین کا لیاقت آباد والے جلسہ میں تعصب اورنفرت کاپرچار کرناشرمناک ہے ،اس کے بعد ایم کیوایم نے بھی لسانیت اورعصبیت کوہوادے کر بانیان پاکستان کی قربانیوں کامذاق اڑایا ۔سندھ سمیت چاروں صوبوں کے عوام اپنے بھرپوراتحاد سے پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم کے گٹھ جوڑ کوتوڑ کر سمندرمیں غرقاب کردیں۔