لوڈشیڈنگ نہ ختم کرنے پرشہباز شریف قوم سے معافی مانگیں، محمودالرشید

لوڈشیڈنگ نہ ختم کرنے پرشہباز شریف قوم سے معافی مانگیں، محمودالرشید

  

لاہور ( نمائندہ خصوصی )اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ پنجاب کو کمپنی طرز پر چلانے کے چکر میں قوم کو اربوں روپے پر ہاتھ صاف کیا گیا،کرپشن کمپنیوں کے سربراہان لوٹ مار کرتے گئے بھاگتے گئے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں،اربوں روپے کی لوٹ ماروزیراعلیٰ کی ناک کے نیچے ہوئی، چیلنج کرتا ہوں شہبا زشریف پنجاب میں کوئی ایک شفاف منصوبہ نہیں بتا سکتے۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے میں ناکامی پر شہباز شریف قوم سے معافی مانگیں اور سیاست کو خیر باد کہہ دیں۔ پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں کے وفدسے ملاقات میں اپوزیشن لیڈر نے کہا شہباز شریف پنجاب میں ناکام ثابت ہوئے، انہوں نے لاہور کی دو فیصد آبادی کیلئے اورنج ٹرین پر270ارب روپے خرچ کر دیئے۔ پورے پنجاب کو کمپنی طرز پر چلا کر محصوص افراد کو نوازا گیا، صاف پانی، پارکنگ، سالڈ ویسٹ سمیت56کی 56کمپنیوں نے کرپشن کی نئی داستانیں رقم کیں۔ جب تحقیقات کیلئے ریکارڈ طلب کیا گیا تو عدالتی احکامات کے بعد بھی ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا، اس سے قبل جب صرف11 کمپنیوں کا آڈٹ کیا گیا تو اس میں166ارب کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ یہاں رکا نہیں کمپنی سربراہ بھاری تنخواہوں کے علاوہ لوٹ مار میں مصروف رہے اور پھر با آسانی فرار بھی ہوتے رہے، میاں محمودالرشید نے مطالبہ کیا کہ کرپشن کمپنیوں کے سربراہان لوٹ مار کرتے گئے بھاگتے گئے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں، نیب انٹرپول کی مدد سے برطرف ایم ڈی لاہور ویسٹ بلال مصطفیٰ کو واپس لائے۔

مزید :

صفحہ آخر -