ملک بھر میں شدید گرمی ،لوڈ شیڈنگ کا عذاب‘شہری بلبلا اٹھے
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک بھر میں شدید گرمی کا راج، شہری بلبلا اٹھے، سورج کا غصہ برقرار، پانی کی بھی شدید قلت، سحری ، افطاری اور تراویح کے اوقات میں بھی لوڈ شیڈنگ کا جن قید نہ کیا جاسکا ۔ تفصیلات کے مطابقملک میں گزشتہ روز بھی سورج کا غصہ برقرار رہا ۔جس سے گرمی کی شدت مزید بڑھ گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔گرمی کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں گزشتہ روز بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔جس نے نہ صرف لوگوں کی زندگی اجیرن اور معمولات زندگی شدید متاثر کر دیئے ۔ باربار ہونے والی لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کیلئے روزے مزید سخت بنا دیئے ۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث پانی کی بھی قلت ہونے لگی ۔ شہروں میں ہر دوگھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ رات کوبھی جاری رکھا گیا ۔ حکومتی دعوؤں کے باوجود گزشتہ روز بھی دیہی علاقوں میں سحر و افطار سمیت تراویح کے موقع پر لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری رکھا گیا ۔ جس کے باعث روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔