نگران حکومت حلف اٹھاتے ہی تھرکیلئے ٹھوس اقدامات کرے،شاہد گردیزی

نگران حکومت حلف اٹھاتے ہی تھرکیلئے ٹھوس اقدامات کرے،شاہد گردیزی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)حکمرانوں نے آج تک تھر کے لوگوں کو بے یارومددگار چھوڑا ہوا ہے۔ حتیٰ کہ حکومت کا وقت ختم ہوگیا ہے لیکن تھر کے لوگوں کی مشکلات کم نہ ہوئیں۔ تھر کے لوگ پانی اور غذائی قلت کے عذاب میں مبتلا ہیں۔ آنے والی نگران حکومت جنگی بنیادوں پر تھر کے لوگوں کو غذا اور پانی مہیا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار حقوق اہلسنت محاذ کے مرکزی امیر پیر سید شاہد حسین گردیزی نے اسلام پورہ لاہور میں بزم غلامانِ پنجتن پاک کی طرف سے دی گئی افطاری کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھوک اور پیاس سے مرنے والوں کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں۔
۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا تھا کہ میرے دورِ خلافت میں اگر ایک کتا بھی بھوکا مرگیا تو میں اللہ کو کیا جواب دونگا۔ یہاں تو سینکڑوں لوگ روز مر رہے ہیں۔ حکمران قیامت والے دن اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کس منہ سے پیش ہونگے۔ انہوں نے دردِ دل رکھنے والے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بھی اپنے پاک اور حلال مال سے رمضان کے اس مقدس ماہ میں تھر کے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ شاہد گردیزی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بارانِ رحمت کیلئے خصوصی دعائیں بھی کریں تاکہ تھر سمیت پوری قوم بارانِ رحمت کی نعمت سے مالامال ہوسکے۔