میونسپل کارپوریشن ملتان کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر، حامی اور مخالف چیئرمین گتھم گتھا
ملتان ( سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن کے اجلاس میں چیئرمینوں نے آپس میں مارکٹائی کرکے بدترین مثال پیش کر دی ۔ اجلاس میں میئر گروپ اور ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کے چیئرمین آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔شدید لڑائی‘ گالیو ں اور شدید نعرے بازی و شور شرابے کے بعدڈپٹی میئر و کنوینر منور احسان قریشی نے اجلاس ملتوی کر دیا۔ سٹیج سیکرٹری نے چیف آفیسر کے حکم پر ایجنڈا پڑھنا جاری رکھا۔ میئر گروپ اور ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کے(بقیہ نمبر13صفحہ12پر )
چیئرمینوں میں ہاتھا پائی اور مار کٹائی میں ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کی رابطہ کمیٹی کے انچارج جلیل خان بابر پر تشدد کیا گیا اور ان کے کپڑے پھاڑ دیئے گئے۔ ملتان ڈویلپمنٹ گروپ نے میئر نویدارائیں اور ان کے بھائی وحید ارائیں پر الزام لگایا کہ وہ اپنے ساتھ غنڈے لے کر آئے تھے جنہوں نے رانا سجاد کے ساتھ ملکرجلیل خان بابر پر تشدد کیا۔ کنونئیر منور احسان قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایجنڈے کی منظوری سے قبل اجلاس ملتوی کرنے کی تصدیق کردی۔ اجلاس شروع ہونے سے قبل ہال فل تھا اور چیئر مین کھڑے تھے جس پر اپوزیشن کے احتجاج پر کنوینر کے حکم پر بوسن ہال سے غیر متعلقہ افراد کو ہال سے باہر نکالاگیا۔گزشتہ روز میونسپل کارپوریشن ملتان کا اجلاس زیر صدارت ڈپٹی میئر منور احسان قریشیمنعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینرمنور احسان قریشی نے کہا ہے کہ ہم سب روزے سے ہیں اور کوشش کریں کہ تحمل و صبر کا مظاہرہ کریں۔ سٹیج سیکرٹری کی جانب سے ایجنڈے کاآغاز ہوتے ہی چیئرمین جلیل خان بابر کھڑے ہو گئے اور ایجنڈے پر اعتراض شروع کردیا جس پر دیگر چیئرمین بھی ڈیسکوں پرکھڑے ہو گئے۔ اس دوران چیئرمین رانا سجاد اور افتخار جاوید، لعل اکبر ، عبدالستار کھڑے ہو گئے اور ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کے چیئرمینو ں کو سٹیج سے دور دھکیلنا شروع کردیا ۔چیئرمین سلیم اللہ کو دھکا دیکر نیچے گرا دیا۔ چیئرمین رانا سجاد اور آؤ ٹ سائیڈرزنے ایجنڈے پر اعتراض کرنے پر جلیل خان کو مارنا شروع کردیا جس سے جلیل خان کے کپڑے پھٹ گئے ، چیئرمینوں میں لڑائی شروع ہونے پر کنوینرمنور احسان قریشی نے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کردیا اور سٹیج سے اٹھ کر چلے گئے۔ بعد ازاں سٹیج سیکرٹری ایجنڈا پڑھتے رہے اور میئر گروپ منظور جبکہ ملتان ڈویلپمنٹ نامنظور نامنظور کے نعرے لگاتے رہے۔ خاتون ممبر سعدیہ بھٹہ ، سبین گل اسٹیج پر آگئیں اور مائیک چھین لیا جس پر میئر گروپ کی خاتون ممبران بھی سٹیج پر چڑھ آئیں اور چھینا جھپٹی شروع کردی۔ اس دوران ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کے چیئرمینوں نے ’’جلیل خان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگاتے ایوان سے باہر نکل گئے۔ ملتان ڈویلپمنٹ گروپ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایوان میں غیر متعلقہ افراد کو لانے کی ذمہ داری سابق صوبائی وزیر وحید ارائیں پر ڈالی اور کہا کہ وہ پوری پلاننگ کے ساتھ ہنگامہ آرائی اور مار پیٹ کے لئے غنڈے ساتھ لے کر آئے تھے۔ آج جلیل خان بابر کے ساتھ جو تشدد کیا گیا ہے ہم اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ہم اپنا اجلاس کل بلا رہے ہیں جس میں مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔