انتخابات میں پی پی ‘ن لیگ کی ضمانتیں ضبط ‘تحریک انصاف عوام کی تقدیر بدلے گی ‘شاہ محمود

انتخابات میں پی پی ‘ن لیگ کی ضمانتیں ضبط ‘تحریک انصاف عوام کی تقدیر بدلے گی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( نیوز رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام عام انتخابات میں بلے کے نشان پر ٹھپہ لگائیں پی ٹی آئی عوام کی تقدیر بدل دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنما مقبول آرائیں کی رہائش گاہ سورج کنڈر وڈ رنگیل پور میں(بقیہ نمبر46صفحہ12پر )

کارنر میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شفیق آرائیں، چوہدری غلام حسین، مقبول احمد، چوہدری سرور، چوہدری آصف سلیم، ربنواز کالرو، نواب آرائیں، عاصم آرائیں، احمد، حافظ ارشد ، چوہدری اصغر آرائیں، ملک مظہر بھٹی بھی موجود تھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ نگران حکومت، الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تو پی ٹی آئی مرکزاور چاروں صوبوں میں کامیاب ہو جائے گی اور پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں ۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے156 اور این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا جہاں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ملتان کی گلیوں ‘ سڑکوں اور علاقوں کی حالت دیکھ کر مایوسی ہوتی ہے۔ جو پیسہ ملتان کی ترقی پر خرچ ہونا چاہئے تھا وہ میٹرو اور سپیڈو کی خالی بسوں کے ایندھن پر ضائع ہو رہا ہے اگر یہی پیسہ ملتان کی صحت ‘ صفائی ‘ تعلیم پر لگایا جاتا تو ملتان کا نقشہ بدل جاتا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا اہل ملتان گواہ ہیں کہ دوران اپوزیشن ہمیں ایک روپے کا بھی فنڈ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ دس سالوں سے ن لیگ کی حکومت ہے ۔ خادم اعلیٰ پنجاب دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے جنوبی پنجاب کو اربوں روپے کے فنڈز دیئے ہیں لیکن میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ وہ اربوں روپے کہاں گئے بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے فنڈز تو ایلوکیٹ کردیئے جاتے ہیں لیکن بعد ازاں فنڈز کی جب منتقلی کا وقت آتا تو وہ فنڈز اپر پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر صرف کردیئے گئے۔ لاہور بھی ہمارے ملک کا حصہ ہے لیکن میں خادم اعلیٰ سے گزارش کرونگا کہ وہ ملتان آئیں ملتان کی سڑکیں ملتان کی گلیاں ‘ ہسپتال اور سکولوں کا دورہ کریں تو انہیں اپنی کارکردگی نظر آجائیگی۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال کوئٹہ سے لیکر ملتان تک واحد سب سے بڑا ہسپتال ہے لیکن اہل ملتان کافی عرصے سے کہہ رہے ہیں یہ ان کی ضروریات کیلئے ناکافی ہے۔ کئی بار توسیع کیلئے اعلان ہوئے لیکن آج تک نشتر کا توسیع منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ماضی میں جنوبی پنجاب کے خطے کو محرومیو ں کے سوا کچھ نہیں دیا گیا ۔ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کا پوری طرح سے ادراک ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کا واحد حل یہاں کے لوگوں کو علیحدہ صوبہ بنا کر دینے میں ہے او ر اگر پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تو جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنائینگے۔ اس موقع پر یونین کونسل 56 میں رونگھا برادری نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حاجی خالد فاروق رونگھا ‘ ملک زبیر مظہر رونگھا‘حاجی صدیق اور ملک ظفر رونگھا نے اپنی برادری اور ساتھیوں سمیت مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر رانا عبدالجبار اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی یونین کونسل راوان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی ملک مظہر عباس راں کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی۔ مخدوم زادہ زین حسین قریشی ‘ ڈاکٹر اختر ملک ‘ یونین کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین ان کے ہمراہ تھے۔مخدوم شاہ محمودقریشی گزشتہ شب ملتان سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔