دورہ میرانشاہ ، دہشتگردی کیخلاف جنگ کی تاریخ بہادرسپوتوں نے اپنے لہو سے لکھی : شہباز شریف

دورہ میرانشاہ ، دہشتگردی کیخلاف جنگ کی تاریخ بہادرسپوتوں نے اپنے لہو سے لکھی ...

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف پاک فوج کے افسروں اورجوانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شمالی وزیر ستان کے علاقے میرانشاہ گئے۔انہوں نے 7 ڈویژن ہیڈ کوارٹراورپاک افغان سرحد کا دورہ کیا ۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ 7ڈویژن،میجر جنرل اظہر عباسی نے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے 7 ڈویژن ہیڈ کوارٹر میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ محمد شہبازشریف نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے پاک افغان سرحد کے علاقے کیٹون کا بھی دورہ کیااوروہاں انہیں پاک افغان سرحد کی مینجمنٹ اورباڑ لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔محمد شہبازشریف نے یونس خان سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے ۔باڑ لگانے کیلئے پنجاب حکومت نے پہلے بھی تعاون کیا آئندہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پاک فوج کے بہادر افسران اورجوانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے میرانشاہ اور پاک افغان سرحد آیا ہوں ۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال کامیابیوں کی تاریخ بہادرسپوتوں نے اپنے قیمتی لہو سے لکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کی عظیم قربانیوں کی اقوام عالم میں کوئی دوسری مثال موجود نہیں ۔جو تاریخی کارنامہ آپ نے پاکستان کیلئے سرانجام دیا ہے قوم کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک دھرتی سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاک فوج کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ پاک فوج کے جرأتمند افسروں اورجوانوں نے اپنا قیمتی لہودے کر کامیابی کی داستان رقم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری بقاء کی جنگ ہے اوراسے ہم نے ہر قیمت پر جیتنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی کے بعد آپریشن ردالفسادکی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے ۔میں پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کی جرأت اور بہادری کو سلیوٹ کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ تاریخ عالم میں ایسی جنگ کبھی لڑی گئی نہ لڑی جائیگی، جوناقابل فراموش کردارآپ نے ادا کیا ہے قوم اسے کبھی بھول نہیں سکے گی۔سینیٹر مشاہد حسین،پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخواہ کے صدر امیر مقام اورترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -