عمران خان ،شیخ رشید، فضل الرحمن کو سب سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی گئی

عمران خان ،شیخ رشید، فضل الرحمن کو سب سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی گئی

  

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ٗعوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو سرکاری خرچ پر سب سے زیادہ سیکیورٹی افسر فراہم کیے گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے خصوصی سیکریٹری رضوان ملک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا کہ شیخ رشید احمد کو 5 سیکیورٹی افسران فراہم کیے گئے ٗ عمران خان اور مولانا فضل الرحمٰن کو 4، 4 افسر فراہم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ مختلف ایجنسیوں کی جانب سے سیکیورٹی خطرات کی نشاندہی کے باعث ان شخصیات کو سیکیورٹی افسر فراہم کیے گئے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ افسران کو مقرر کرنے میں کوئی تفریق نہیں کیونکہ کسی کو بھی سیکیورٹی کی ضرورت ہوسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان شخصیات کے علاوہ سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، وسیم سجاد اور نیئر حسین بخاری، سابق وزیر قانون زاہد حامد، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور رحمٰن ملک، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمن اور وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا کو دو سیکیورٹی افسران فراہم کیے گئے۔ محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک، وفاقی محتسب کشمالہ طارق اور دیگر اداروں کے سربراہوں کو ایک ایک افسر فراہم کیا گیا۔اس دوران کمیٹی کے رکن سینیٹر چوہدری تنویر نے سوال کیا کہ کس طرح شیخ رشید احمد سب سے زیادہ سیکیورٹی کا حقدار سمجھا جاتا ہے؟ یہ نہ انصافی ہے کہ 2 پولیس کی گاڑیاں ہر وقت ان کے ساتھ ہوتی ہیں۔سیکریٹری داخلہ نے جواب دیا کہ شیخ رشید پر پہلے خود کش حملہ ہوچکا ہے جبکہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل سیکیورٹی وقار چوہان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو صرف وفاقی دارالحکومت کی حدود کے درمیان اسلام آباد پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔

سیکورٹی فراہمی

مزید :

صفحہ اول -