چودھری نثارمیں بچپنہ موجودہے،جلد سب ٹھیک ہو جائے گا،شہبازشریف
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا ہے کہ چودھری نثاربڑے میاں صاحب کے زیادہ گہرے دوست ہیں اور انہوں نے بڑے میاں صاحب سے ہمیشہ میری شکایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری نثارصاحب کی اصل میں دوستی اوربھائی چارہ نوازشریف سے تھا،یہ 1988 کے زمانے کی بات ہے چودھری نثارمیرے مخالف تھے،اوروہ نوازشریف کو میری شکایات کیا کرتے تھے۔
شہبازشریف نے کہا کہ چودھری نثارکے کہنے پرمجھے نوازشریف سے جھاڑ پڑتی تھی،ان سے میرا تعلق نوازشریف کے ذریعے ہوا،سابق وفاقی وزیر داخلہ سے کچھ عرصہ اسی طرح گزرا پھروہ میرے دوست بن گئے،انہوں نے کہا کہ چودھری نثارمیں بچپنا ضرورہے،بچے کومنانا پڑتا ہے،انہیں بھی مناتے رہتے ہیں۔
صحافی نے سوال کیا ”کیا اس بارچودھری نثارکومنالیں گے؟“کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ اللہ خیرکرےگا، سب ٹھیک ہوجائےگا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصے سے چودھری نثار اور نوازشریف کے تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں کی ایک دوسرے سے بول چال بھی بند ہے جبکہ میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے پر طنز بھی کرتے رہتے ہیں۔