قومی وسائل تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح بہبود پر خر کرینگے: عثمان بزدار

قومی وسائل تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح بہبود پر خر کرینگے: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نئے بجٹ کو عوام کی امنگوں اوربنیادی ضروریات کے مطابق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے پہلے سے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے اور قومی وسائل تعلیم،صحت اورعوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے مالی سال 2019-20ء کے بجٹ کی تجاویز اورسالانہ ترقیاتی پروگرام کے خدوخال سے متعلق تفصیلی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبے کے عوام کو بنیادی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کیلئے وسائل میں اضافے کیلئے تجاویزپر بھی غور کیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کو ماضی کی حکومتوں نے نظر انداز کیا اورسابق ادوار میں کاشتکار استحصالی نظام کا شکاررہا جبکہ ہماری حکومت نے کاشتکار کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ گندم اورگنے کے کاشتکار کو اس کی محنت کاپورا معاوضہ ملا ہے اور آئندہ بجٹ میں زرعی شعبہ ہماری ترجیحات میں ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کی پائیدار ترقی کیلئے ریکارڈفنڈز مختص کیے جائیں گے اورغیر ضروری اخراجات کو کم کرکے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے زیادہ وسائل مہیا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ قومی تعمیر نو کے منصوبوں اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے وسائل میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے اور صوبے کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔اجلاس کے دوران نئے مالی سال 2019-20ء کے بجٹ کی تجاویز،سالانہ ترقیاتی پروگرام اوروسائل میں اضافے کے بارے میں سفارشات پر بریفنگ دی گئی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے نئے ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم کو سڑکوں کی مرمت فوری شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی سڑکوں کے باعث شہریوں کوسفر کے دوران دقت پیش آتی ہے لہٰذا شہریوں کی سہولت کیلئے سڑکوں کی مرمت کیلئے جلد سے جلد اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیرکی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہائی رائز بلڈنگز میں فائر فائٹنگ کیلئے بین الاقوامی طریقہ کار کے مطابق ہر ضروری انتظام یقینی بنایاجائے اور فائرفائٹنگ کیلئے جدید آلات اورتربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے جبکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے موثر انداز سے نمٹنے کیلئے کثیر المنزلہ عمارتوں میں ریسکیو کامربوط سسٹم ہوناچاہئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ چدھڑ نے ملاقات کی،جس میں خواتین پر تشدد کی روک تھام اوران کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے تشدد کا شکار خواتین کی دادرسی کیلئے ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو متحرک انداز میں کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا ادارہ تشدد کا شکار خواتین کی دادرسی اورانہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے لہٰذااس ادارے کوخواتین پر تشدد کی روک تھام اورتشدد کا شکار خواتین کی دادرسی کیلئے مزید موثر انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -