سٹاک مارکیٹ، انڈیکس میں 1010پوائنٹس اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 150روپے پر برقرار

سٹاک مارکیٹ، انڈیکس میں 1010پوائنٹس اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 150روپے پر ...

  

کراچی (اکنامک رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دوروزہ مندی کے بعد کاروباری  ہفتے کے تیسرے روززبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 1000 پوائنٹس سے زائد کے اضافے سے 35900کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی، تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب 38ارب92کروڑروپے سے زائدکااضافہ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت19.81فیصدزائد جبکہ 78.74 فیصد حصص کی قیمتوں می اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسزسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،سیمنٹ،فوڈز،توانائی اور دیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 35993پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھاگیاتاہم فروخت کے دباؤ اورپرافٹ ٹیکنگ کے سبب کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرارنہ رہ سکاتاہم تیزی کا تسلسل سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس1010.15پوائنٹس اضافے سے35959.43 پوائنٹس پر بندہوا۔ بدھ کو مجموعی طور پر334کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے263کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،58کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ13کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب38ارب92 کروڑ72لاکھ77 ہزار 49روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر72 کھرب25 ارب33کروڑ17 لاکھ 66ہزار 449روپے ہوگئی۔ دوسری جانب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کاروبار کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 22 پیسے کمی کے بعد 150 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر50 پیسے مہنگا ہوکر 150 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔اوپن مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوئی اور ڈالر 150.25 روپے کا ہوگیا۔انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 59 پیسے سستا ہوا اور ڈالر 149.63 پر بند ہواجبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر 150 روپے پر برقرارہے۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ اول -