پنجاب میں چاول کا پیداواری ہدف 3992.42 ہزار میٹرک ٹن مقرر

پنجاب میں چاول کا پیداواری ہدف 3992.42 ہزار میٹرک ٹن مقرر

  

راولپنڈی(اے پی پی) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ رواں برس پنجاب میں چاول کی کاشت کا ہدف 4754 ہزار ایکڑجبکہ پیداواری ہدف 3992.42 ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے اب بھی گنجائش موجود ہے۔ جدید سفارشات پر عمل کر کے کلراٹھی زمینوں سے بھی دھان کی خاطر خواہ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔ کاشتکار دھان کی زیادہ پیداوار کے لئے منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے باسمتی اقسام میں سپر باسمتی، باسمتی 385، باسمتی 515، چناب باسمتی، پنجاب باسمتی، پی کے 1121 (ایرومیٹک)، نیاب باسمتی 2016، نور باسمتی، شاہین باسمتی اور کسان باسمتی جب کہ موٹی اقسام میں اری 6، کے ایس 282، کے ایس کے 133، نیاب اری 9، نیاب اری 2013، کے ایس کے 434 کا انتخاب کریں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ کاشتکار دھان کی ان منظور شدہ اقسام کے علاوہ ممنوعہ اقسام ہر گز کاشت نہ کریں۔ چاول کی اچھی پیداوار کیلئے کھیت میں پنیری منتقل کرنے سے پہلے 10 سے 15 دن تک پانی کھڑا رکھیں اور پھر کدو کریں لیکن پانی کی کمی کی صورتحال کے تناظر میں کدو کرنے کے لئے کھیت میں 7 دن تک پانی کھڑا کیا جائے لیکن پانی کی شدید کمی کی صورت میں کم ازکم تین دن تک پانی کھڑا رکھیں اور ہل وسہاگہ دیں۔

کھیت کواچھی طرح ہموار کریں اور کھیت تیار کرکے جلد از جلد پنیری منتقل کریں۔ کدو کے طریقہ سے تیار کی ہوئی پنیری 25 سے 30 دن میں جبکہ خشک طریقہ سے کاشت کی ہوئی پنیری 35 سے 40 دن میں منتقلی کے لیے تیار ہوجاتی ہے۔ اگر منتقلی کے وقت پنیری کی عمر 25 دن سے کم ہوتو پودے نازک ہونے کی وجہ سے گرمی برداشت نہیں کرسکتے اور مرجاتے ہیں جبکہ اگر پنیری 40 دن سے زیادہ عمر کی ہو تواس کی شاخیں کم بنیں گی۔ پنیری اکھاڑنے سے ایک دو روز پہلے پانی دے دیں تاکہ زمین نرم ہو جائے اور اکھاڑتے وقت پودا نہ ٹوٹے۔ لاب کی منتقلی ڈیڑھ انچ گہرے پانی میں کرنی چاہئے۔ پہلے ہفتے میں پانی کی گہرائی ڈیڑھ انچ رکھیں پھر آہستہ آہستہ تین انچ کر دیں لیکن اس سے زیادہ نہ کریں ورنہ پودے کم شاخیں نکالیں گے اور پیداوار کم ہو جائے گی۔ دو دو پودے فی سوراخ 9 انچ کے فاصلہ پر اکٹھے لگائیں۔ اس طرح فی ایکڑ سوراخوں کی تعداد 80 ہزار اور پودوں کی تعداد 1 لاکھ 60ہزار بنتی ہے۔

مزید :

کامرس -