عمرزئی میں قتل ہونیوالے تین سگے بھائیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل

عمرزئی میں قتل ہونیوالے تین سگے بھائیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ...

  

چارسدہ(بیورورپورٹ) ڈی آئی جی مردان علی محمد خا ن نے کہا ہے کہ عمرزئی میں قتل ہونے والے تین سگے بھائیوں کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جبکہ آئی جی خیبر پختون خوا کو بھی اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کر رہے ہیں ،متاثرہ خاندان کو بااثرملزمان سے ہر قسم کی سیکورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے عمر زئی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ،اس موقع پرانہوں نے مقتولین کے لواحقین سے تعزیت کی اور ان کو پولیس کی جانب سے ہر قسم کی تعاون کی یقین دہائی بھی کرائی ، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی آئی جی مردان علی محمد خان کا کہنا تھا کہ عمر زئی میں تین سگے بھائیوںکا قتل ایک افسوسنا ک واقعہ ہے جس کا آئی جی خیبر پختون خوا نے خود نوٹس لیا ہے جس کے بعد ہم روزانہ کی بنیاد پر اس کیس کے حوالے سے ان کو پراگرس رپورٹ پیش کر رہے ہیں ۔اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی قانونی سے بالاتر نہیں ،واقعہ میں ملوث تین سہولت کاروں کو گرفتا رکیا جا چکا ہے جبکہ مرکزی ملزمان میں سے ایک ملک سے باہر فرار ہو چکا ہے جس کی گرفتاری کے لئے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا جبکہ دیگر دوملزمان کے گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ اس موقع پر مقتولین کے لواحقین نے پولیس سے دو دن کے اندر اندر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر بااثر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو مقتولین کے لواحقین کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -