حکومت جلد بحرانوں پر قابو پا لے گی ‘ اعجاز عالم آگسٹن

حکومت جلد بحرانوں پر قابو پا لے گی ‘ اعجاز عالم آگسٹن

  

رحیم یارخان(بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجا ز عالم آگسٹن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پر قوم کو اعتماد ہے کہ وہ ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، سابقہ حکومتوں کی کرپشن اور نااہلیوں کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان معاشی(بقیہ نمبر55صفحہ12پر )

 مشکلات سے دوچار ہے تاہم موجودہ حکومت عارضی منصوبہ بندی کی بجائے مستقل بنیادوں پر ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی جانب گامزن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ خلیفہ پبلک سکول آڈیٹوریم میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلباءو طالبات میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر حکومت پنجاب ہر سال دو ماڈل ویلیج بنائے گی جس کا آغا ز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا جبکہ ماڈل ویلیج میں ایک بستی اقلیتی برادری کی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی طالبعلم تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں، تعلیم کے بغیر ہم ملک و قوم کی خدمت نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر اقلیتی برادری کے ہونہار طالبعلموں میں دوسری مرتبہ چیک تقسیم کر رہے ہیں ماضی میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طالبعلموں کا نظر انداز کیا گیا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اب تک5کروڑ روپے کے چیک تقسیم کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل تعلیمی اداروں میں بھی اقلیتی کوٹہ فراہم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری مہندر سنگھ پال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت نے اقلیتی برادری کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ، اقلیتی طالبعلموں کو تعلیمی اداروں اور ملازمتوں میں نظر انداز کیا گیا ، موجودہ حکومت اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری ظفر اقبال وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت کی پالیسی صرف اور صرف ظاہری، کاغذی اور سیاسی نمود و نمائش کے علاوہ کچھ نہیں تھی ، سابقہ حکومتوں میں تعلیم سمیت ملک و قوم کا ہر شعبہ میں ناقابل تلافی نقصان کیا ۔موجودہ حکومت اداروں کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحات لا رہی ہے۔تقریب سے کوارڈینیٹرانسانی حقوق جنوبی پنجاب یدھسٹر چوہان، ضلعی صدر پی ٹی آئی راجہ محمد سلیم،اقبال حسن، شمیل مرزا، خرم منیر، صائمہ طارق، مختیار گجر،عاصم غنی ،مکیش کمار، جمہ جی شاد، کرم چند چوہان ویگر نے بھی خطاب کیا۔

اعجاز عالم

مزید :

ملتان صفحہ آخر -