پورے پنجاب میں گاڑیوں کو ایک ہی یونیورسل نمبر الاٹ کریں گے ،حافظ ممتاز احمد
ملتان(نیوز رپورٹر ) وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ بجٹ میں ایسا کوئی ٹیکس لاگو نہیں کررہے جس کا براہ راست بوجھ عوام پر پڑے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نئے ٹیکس ریفارمز لارہی ہے جس میں تمام سسٹم آن لائن ہوگا اور ٹیکس(بقیہ نمبر21صفحہ12پر )
دینے والا گھر بیٹھے ہی اس کی ادائیگی کرسکے گا۔ بیواﺅں اور یتیموں کو پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ اور پورے پنجاب میں تمام گاڑیوں کو ایک ہی یونیورسل نمبر الاٹ کریں گے۔صنعت کار ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے،ان کا پیسہ ان پر ہی خرچ ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد سرفراز، خواجہ محمد یوسف، مرزا علی احمد، خواجہ فاروق، شیخ فضل الٰہی ،اورنگزیب عالمگیر، نوید اقبال، افتخار علی شاہ، خواجہ منظور قادر، خواجہ بد رمنیر، خرم جاوید، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان تنویر عباس گوندل و دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ میرا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان آنے کا مقصد صنعت کاروں کے مسائل کو سننا اور انہیں حل کرنا ہے۔ ہماری حکومت آپ کے ٹیکس کا پیسہ آپ پر ہی خرچ کرے گی۔ پراپرٹی ٹیکس کے لئے آمدن کے حوالے سے دیگر شہروں میں پایا جانے والا فرق ختم کررہے ہیں۔ ٹیکس نفاذ کی شرح آمدن سے منسلک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس بارے آگاہی دینا وقت کی ضرورت ہے۔ ہم فرسودہ ٹیکس نظام میں اصلاحات لارہے ہیں اور تمام سسٹم آن لائن کررہے ہیں۔ عام ٹیکس گزار اب گھر بیٹھے ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے اپنا ٹیکس ادا کرسکے گا۔اس کے علاوہ پورے صوبے میں ایپ بھی متعارف کرارہے ہیں جس سے عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس مین کی گروتھ ہوگی تو ملک میں ٹیکس نیٹ وسیع ہوگا اور قومی خزانے میں محاصل جمع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے ایشو پر 30جون تک جرمانے بھی معاف کررہے ہیں۔ بیواﺅں،یتیموںکے لئے پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ دے رہے ہیں لگژری گاڑیوں کے ٹیکس خاتمے پر بھی غور ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں پر لاہور کے نمبرز کو ترجیح دی جاتی تھی اب ہم پورے پنجاب میں تمام گاڑیوں کو ایک ہی یونیورسل نمبر الاٹ کریں گے جس سے ضلعوں کا فرق ختم اور ہیڈ آفس پر بوجھ بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے 3ارب روپے کے نئے ٹیکس بہترریکوری سے وصول کئے ہیں ٹیکس ریکوری آسان ہوگی تو آمدن بھی بڑھے گی۔ آئندہ کے صوبائی بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے اور ٹیکس دہندگان کو مزید سہولتیں دیں گے۔صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے مزید کہا کہ نارکوٹیکس کا اختیار 10سال قبل صوبائی حکومتوں کو منتقل ہوا جس کے لئے کوئی عملی کارروائی نہ کی گئی۔ اب ہم ترمیمی بل لارہے ہیں جس میں اس کا باقاعدہ تربیت یافتہ سٹاف بمعہ اسلحہ جلد کام شروع کردے گا۔قبل ازیں صدر ایوان و تجارت و صنعت ملتان محمد سرفراز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ہزاروں سال سے تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ ضلعی حکومتوں کے قانون کے تحت پراپرٹی ٹیکس ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ پر بھی لاگو کیا گیا جو کہ ناانصافی ہے۔ کم شرح کی کیٹگریز کا اطلاق کیا جائے، پرانی عمارتوں پر ٹیکس شرح کو مزید کم کیا جائے۔ خواجہ محمد یوسف نے کہاکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس کی وجہ سے مقامی ڈرائی پورٹس بند ہورہی ہیں جس پر صوبائی وزیر نے انہیں اس بارے میں مکمل تجاویز بھجوانے کی ہدایت کی ۔دریں اثناءصوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے ایکسائز آفس ملتان میں افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ڈویژن میں ٹیکس وصولی کی صورت حال بہتر ہے تاہم 100فیصد ریکوری ٹارگٹ ہر صورت پورا کیا جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز تنویز عباس گوندل، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران شیخ محمد عارف، میاں فاروق، عبدالمجید قریشی، سہیل اختر بزدار، خالد حسین قصوری نے انہیں ریکوری ٹارگٹ حصول بارے بریفنگ بھی دی۔
ممتاز احمد