جوڑ میلہ اور رنجیت سنگھ کی برسی پر آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے خصوصی انتظامات
لاہور(فلم رپورٹر)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کی زیر صدارت سکھ مذہب کے تہوار شہیدی دن گورو ارجن دیو جی (جوڑ میلہ)اور سکھ لیڈر مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات کے لئے انتظامات بارے اعلی سطحی انتظامی اجلاس بورڈ آفس 9کورٹ سٹریٹ میں ہواجس میںپاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ ، سیکرٹری بورڈ طارق وزیر، ڈپٹی سیکرٹر ی عمران گوندل سمیت امور داخلہ،خارجہ، پولیس، فوج، رینجرز، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، کسٹمز،ریلوے ،امیگریشن اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں دونوں تقریبات کے انتظامات بارے بریفنگ دی گئی ،ترجمان بورڈ عامر حسین ہاشمی کے مطابق سکھ یاتریوں کی رہائش ،میڈیکل اور کھانے پینے کےلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں ،تمام گورو دوارو ں اوریاتریوں کے ٹھہرنے کی جگہ پر ڈینگی اسپرے کروایا جائے گا ۔فول پروف سیکورٹی کے لئے پولیس اور رینجرز اہلکاریاتریوں کے ہمراہ ہوں گے ۔چیئرمین بورڈ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام سے دنیا بھر میں پاکستان کو خوب پذیرائی ملی ہے اور پاکستان کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔
ہم ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جس سے دنیا بھر میں ہمارے ملک کی عزت و وقار میں مزید اضافہ ہو ۔پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہاکہ سکھ قوم کے لئے حکومتی اقدامات قابل تعریف ہیں ،چیئرمین بورڈ کی انتظامات میں خصوصی دلچسپی پر ہم شکر گزار ہیں ۔ سکھ مذہب کے گورو ارجن دیو جی کے شہید دن (جوڑ میلہ )کے لئے بھارت سے سکھ یاتریوں کا جتھہ سپیشل ٹرین کے ذریعے واہگہ ریلوے اسٹیشن کے راستے 14جون کو پاکستان آئے گا ۔ تقریبات اختتام پذیرہونے پر23 جون کو واپس چلے جائیں گے ۔جبکہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات کے لئے سکھ یاتری 27جون کو پاکستان آئیں گے اور 6جولائی کو دورہ مکمل ہونے پر سپیشل ٹرین کے ذریعے واپس لوٹ جائیں گے ۔