ریاست مدینہ کے دعویدارو ں نے بے حیائی کو فروغ دیا،لیاقت بلوچ

ریاست مدینہ کے دعویدارو ں نے بے حیائی کو فروغ دیا،لیاقت بلوچ

  

لاہور( نمائندہ خصوصی)قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے دعویداروں نے عملاًپاکستان میں بدتہذیبی،بے حیائی اور انسانوں کے احترام کے خاتمہ کا نظام مسلط کیا ہے جو بات توریاست مدینہ کی کرتے ہیں لیکن حرمت رسول ﷺپر وار کرنے والے قادیانیوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ عوام کے دکھوں میں اضافہ کرتے ہیں ،ریاست مدینہ کا نظام تو تقاضہ کرتا ہے کہ ملک میں سود ،کرپشن کا خاتمہ ہو احتساب سب کا ہو ،ریاست مدینہ تو مطالبہ کرتی ہے کہ مہنگائی،بے روز گاری کا خاتمہ ہو ، ریاست مدینہ کا نظام تو غریب اور مزدور کی بات سننے کو کہتا ہے۔ آج ملک میں بے روز گاری اور غربت بڑھتی جا رہی ہے،زراعت تباہی کے دہانے پر ہے، صنعت کا پہیہ نہیں چل رہا،ملک عملاً آئی ایم ایف کی غلامی میں چلا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بہاول پور کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری راﺅ محمد ظفر ،امیر ضلع سید ذیشان اختر اور نائب امیر ضلع نصراللہ ناصربھی موجود تھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -