وفاق اور خیبرپختونخوا حکومتیں آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کرنے پر متفق

وفاق اور خیبرپختونخوا حکومتیں آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کرنے پر متفق

  

پشاور(آن لائن)وفاقی و صوبائی حکومتوں نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کیلئے این ایف سے ایوارڈ کے اجراء سے قبل بجٹ 2019-20 میں فنڈ ز مختص کرنے پر اتفاق کیا ہے، سابقہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کے عوام کی فلاح وبہبوداور انہیں ترقی کے قومی دھارے میں لانے کی بنیادی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے لیکن اس کیساتھ ساتھ خیبر پختونخوا حکومت بھی ضم شدہ اضلاع کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔این ایف سی ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم کے حتمی فارمولہ طے پانے تک قبائلی اضلاع کی معاشی و سماجی ضروریات کا جائزہ لینے اور اس سلسلے میں لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا،وزیراعظم کے مشیر اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد اربا ب، وفاقی سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ کے علاوہ دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑانے صوبے میں ضم ہو نیو الے اضلاع کی مالی ضروریات سے اجلاس کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا فاٹا ڈیویلپمنٹ فنڈز کوقبائلی اضلاع میں سماجی شعبے با ا لخصوص صحت و تعلیم کے شعبوں کی ترقی اور ان اضلاع میں سڑکوں کی حالت زار اور بجلی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے بروئے کار لایا جائیگا۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا وفاقی حکومت سابقہ فاٹاکی مالی ضروریات کو پورا کرنے اور خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ضم شدہ اضلاع کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو بامقصد بنانے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے اجلاس کو یقین دلایا کہ وزارت خزانہ ضم شدہ اضلاع کیلئے فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنائے گا، وفاقی حکومت نے پہلے بھی سابقہ قبائلی ایجنسیوں کے عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے افراد کی بحالی کیلئے خاطر خواہ فنڈز جاری کئے ہیں۔اجلاس میں تفصیلی غور وخوض کے بعد شرکاء کی جانب سے اس امر پر اتفاق کیاگیا کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتیں این ایف سی ایوارڈ کے حتمی اجراء اور اس کے تحت قبائلی اضلاع کیلئے وسائل مختص کرنے تک ضم شدہ اضلاع کی سماجی ومعاشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی بجٹ2019-20 میں ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مختص کریں گی۔

مزید :

صفحہ آخر -