”عشق زہے نصیب“ میں زاہد احمدکی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

”عشق زہے نصیب“ میں زاہد احمدکی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

  

لاہور(فلم رپورٹر) اداکار زاہد احمد کے نئے ڈرامے”عشق زہے نصیب“ میں ان کے کردار سمیر کی تصاویر سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہوگئیں ڈرامے میں زاہد احمد پہلی بار خواجہ سرا کا کردار اداکرتے نظر آئیں گے۔”عشق زہے نصیب“ میں زاہد احمد کا کردار سوشل میڈیا پر موضوع بحث بناہوا ہے اور لوگ نہ صرف یہ کردار اداکرنے پر زاہد احمد کو سراہ رہے ہیں بلکہ دوسری طرف یہ بھی کہاجارہا ہے کہ پاکستان شوبز کے مرد فنکار روایتی کرداروں سے ہٹ کر ورسٹائل کرداروں کی طرف جارہے ہیں اور ایک نیاٹرینڈ سیٹ کررہے ہیں۔ تاہم زاہد احمد سے قبل بھی کئی مرداداکار خواتین کا روپ دھار کر بہترین کرداراداکرچکے ہیں جنہیں بے حد مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔معین اختر وہ پہلا نام ہیں جنہوں نے 90 کی دہائی میں ڈرامہ سیریل”روزی“میں خاتون کا کردار نبھایا تھا۔ کامیڈی سے بھرپور اس کردار کو معین اختر نے اپنی جاندار اداکاری کے باعث امر کردیا۔ ڈرامہ سیریل ”روزی“ اپنے وقت کا بہترین ڈراما تھا۔ برسوں گزرجانے کے باوجود آج بھی یہ ڈرامہ شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیتاہے۔فہد مصطفیٰ نے اپنے کیریئر کی ابتدا میں کئی کردار اداکیے جن میں ایک خواجہ سراکاکردار بھی شامل تھا۔ 2009میں نشر ہونے والے ڈرامے ”وینا“میں فہد مصطفیٰ نے وینا نامی خواجہ سرا کا کردار اس خوبی سے اداکیا تھا کہ لوگ داد دئیے بغیر نہیں رہ سکے تھے۔موجودہ دور میں جس اداکار نے اپنی بہترین اداکاری سے لوگوں کو دیوانہ بنایاہواہے وہ پاکستان کے ورسٹائل اداکار عمران اشرف ہیں۔

حال ہی میں ڈراما سیریل ”رانجھا رانجھا کردی“میں بھولے کے کردار نے عمران اشرف کو جہاں شہرت کے آسمان پر پہنچادیا وہیں ڈراماسیریل”الف اللہ اور انسان“میں شمو کے کردار میں انہوں نے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔احمد علی بٹ نے فلم”جوانی پھر نہیں آنی2“میں اس خوبی سے خاتون کا کردار نبھایاتھا کہ سب کو حیران کردیاتھا۔ یاسر حسین نے ٹیلی فلم ”ہیلپ می دردانہ“ میں دردانہ نامی خاتون کا کردار نبھایاہے، تاہم گزشتہ دنوں خواتین کے روپ میں گردش کرنے والی تصاویر کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا نشانہ بھی بنایاگیا۔ یاسر حسین کی ٹیلی فلم عید کے موقع پر پیش کی جائے گی۔ان دنوں سوشل میڈیا پر جس اداکار کے چرچے ہورہے ہیں وہ پاکستان کے باصلاحیت اداکار زاہد احمد ہیں۔ ان کا نیا ڈراما”عشق زہے نصیب“کا پرومو سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے جس میں وہ دوہری شخصیت رکھنے والے نوجوان سمیر کا کرداراداکرتے نظر آئیں گے۔تاہم یہ نوجوان ایک نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہے جو دورہ پڑنے کے بعد خود کو لڑکی سمجھنے لگتا ہے اوراپنانام سمیر کے بجائےسمیرا بتاتاہے۔

مزید :

کلچر -