فرحان ہاشمی ورلڈ جونیئر سکواش ٹائٹل جیتنے کیلئے پر جوش

فرحان ہاشمی ورلڈ جونیئر سکواش ٹائٹل جیتنے کیلئے پر جوش

  

راولپنڈی (اے پی پی)ایشین جونیئر چیمپئن محمد فرحان ہاشمی نے کہا ہے کہ ملائیشیا میں شیڈول ورلڈ جونیئر سکواش چیمئن شپ کیلئے سخت محنت کررہے ہیں۔ ایشیا کے بعد ورلڈ جونیئر ٹائٹل جیتنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے۔ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ہدف ہے۔ جہانگیر خان جیسا نام پیدا کرنا چاہتا ہوں۔ ”میڈیا“سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو ہرانا بہترین لمحہ تھا۔ ملک کا نام روشن کرکے بہت خوشی ہوئی۔ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی نے کہا کہ وہ ملائیشیا میں ہونے والی ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ایشیا کے بعد ورلڈ جونیئر ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلئے پر جوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہاشم خان، روشن خان، جہانگیر خان اور جان شیر خان جیسا نام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کی طرف سے انہیں بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔

واضح رہے کہ فرحان ہاشمی نے تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو ہرا کر طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -