ورلڈ کپ اور موسم کے بدلتے خطرناک تیور

ورلڈ کپ اور موسم کے بدلتے خطرناک تیور
ورلڈ کپ اور موسم کے بدلتے خطرناک تیور

  

گزشتہ روز کرکٹ کے عالمی کپ کی افتتاحی تقریب لندن کے بکنگھم پیلس کے سامنے لندن مال میں منعقد ہو ئی۔اس تقریب سے قبل بھی لندن مال میں بے شمار تقریبات ہو چکی ہیں جبکہ کرکٹ کے لیے ہونے والی یہ پہلی تقریب تھی۔اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں آنے والے تمام معزز مہمانوں کے دعوت نامے یا ٹکٹ انہی کے نام سے ریزرو تھیں جو کوئی اور استعمال نہیں کر سکتا تھا۔ رنگ و نور کی برسات میں ڈوبا آسمان اور عوام کا جو ش و خروش دیکھنے کے قابل تھا تا ہم دنیا میں دہشتگردی کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر اور نیوزی لینڈ و سری لنکا میں ہونے والی دہشتگردی کے باعث ا س مرتبہ اس ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات دیکھنے میں آئے جو اس ایونٹ کے آخر تک نظر آئیں گے۔

ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے اس کے سکیورٹی سٹاف نے 3 سال کی محنت سے حفاظتی منصوبہ تیار کیا ہے تا کہ اس ایونٹ کو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جا سکے۔اور کسی قسم کی دہشتگردی کا کوئی واقعہ رونماء نا ہو سکے۔تقریب میں ملکہ برطانیہ سے تمام ٹیموں کے قائد کی ملاقات کروائی گئی۔ایونٹ کا باقاعدہ آغاز آج ہونے والے انگلینڈ اور ساؤتھ افریقہ کے میچ سے ہو گا بات اگر دونوں ٹیموں کے سکواڈکی کی جائے تو افریقہ کی ٹیم میں ہاشم آملہ،فاف ڈوپلیسی،ڈی کوک،مارکرام،ڈیوڈ ملر،وینڈرڈیوسن جیسے بلے بازو ں کے ہمراہ عمران طاہر،جے پی ڈومینی،ڈیل سٹین،ربادا،کرس مورس،نگیدی،فلیکوایا،پیٹریوس،تبریز شمسی،نورٹیج جیسے سپنرز و فاسٹ باؤلرز کا ساتھ حاصل ہے۔

ان میں ڈوپلیسی،ڈی کوک، ہاشم آملہ، ڈیوڈ ملر،عمران طاہر،ڈیل سٹین،ڈومینی،ربادا یہ وہ کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت کھیل کا نقشہ پلٹنے کی یا یوں کہہ لیں کہ اپنے حق میں کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔پہلے میچ میں ڈیل سٹین زخمی ہونے کے باعث شرکت سے محروم رہیں گے جو ٹیم کے اہم باؤلر مانے جاتے ہیں ان کی غیر موجودگی میں نورٹیج کو جگہ مل سکتی ہے جبکہ دوسری جانب انگلینڈ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں چار،صفر کی شکست سے وائٹ واش کر چکا ہے جس کے باعث اس کا مورال بہت بلند ہے اوپر سے ہوم گراؤنڈ،ہوم کراؤڈ کا ایڈوانٹیج بھی حاصل ہو گا۔

انگلینڈ کے سکواڈ میں مورگن،معین علی،جوز بٹلر،جیسن روئے،بئیرسٹو،جوفرا آرچر،ٹوم کرن،لائم ڈاسن،لائم پلنکٹ،عادل رشید،جوئے روٹ،بین سٹوکس،جیمز ونس،کرس ووکس،مارک ووڈ،جوئے ڈینلی،ایلیکس ہیلزاورڈیوڈ ویلی شامل ہیں ان میں مورگن،بٹلر،بئیر سٹو،جوئے روٹ،معین علی،عادل رشید،بین سٹوکس،ایلیکس ہیلز لائم پلنکٹ،ڈیوڈ ویلی وہ گھوڑے ہیں جو انگلینڈ کی فوج کے اہم سپاہی ہیں اور انہیں یہ بات دکھانے یا بتانے کی ضرورت نہیں کیونکہ دنیا ان کے عمدہ جوہر سے واقف ہے لیکن مورگن اورمارک ووڈ آج کے میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ پہلے میچ سے قبل دونوں کھلاڑی زخمی ہونے کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل سکیں جبکہ کوچ کا کہنا ہے کہ پہلے میچ سے قبل مورگن ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔

اس ایونٹ میں بارش سے میچز متاثر ہونے کا بہت خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ اس ایونٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں میں سے سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیمیں کون سی ہوں گی۔اہم ایونٹ کے موقع پر موسم کی بدلتی صورتحال کے باعث بہت سے میچز نامکمل ہوں گے اور پوائنٹ دونوں ٹیموں میں تقسیم کر دیئے جائیں گے اسی لیے اس کا فائدہ ٹیموں کو ہو گا مگر ایونٹ میں رہنے کے لیے چھ میچز جیتنا بہت ضروری ہو گا۔

خیر ایونٹ کے آغاز سے آخر تک بارش کے باعث میچز کا مزہ دوبالا نا ہوسکے اور ہلکی تیز رم جھم اس ایونٹ پر اثر انداز بھی ہو سکتی ہے۔ خیر آج کے ہونے والے میچ میں انگلینڈ کا پلہ یوں بھی بھاری ہو سکتا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں پاکستان کو شکست سے دوچار کیا ہے لیکن ساؤتھ افریقہ کو ورلڈ کپ کی ان ٹیموں میں شمار کیا جاتا ہے جو اس ایونٹ کی اوپر والی چار پوزیشن میں سے ایک نمبر پر ہے لہذٰا آج میچ میں موسم بھی اپنے تیور بدل سکتا ہے اسی لیے اس ایونٹ کو بھیگا بھیگا ایونٹ کہنے میں کوئی مذائقہ نہیں۔

مزید :

رائے -کالم -