کراچی،ٹریفک پولیس کا چاند رات تک کا اسپیشل پلان تیار

کراچی،ٹریفک پولیس کا چاند رات تک کا اسپیشل پلان تیار

  

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی ٹریفک پولیس کراچی میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور موثر انداز میں کنٹرول کرنے کیلئے مزید متحرک ہو گئی۔ اس سلسلے میں 25رمضان المبارک سے چاند رات تک پورے شہر میں جدید خطوط پر ٹریفک سسٹم کو مزید فعال کرنے کا اسپیشل پلان مرتب کر لیا اور اس پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا تاکہ عید الفطر کے قریب آنے کے پیش نظر شاہراہوں پر ٹریفک کے بے پناہ اضافے کو بہتر حکمت عملی کے تحت کنٹرول کیا جا سکے۔ اُدھر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر ازخود ہنگامی بنیادوں پر ہر روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے ٹریفک روانی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس افسران کو ضروری ہدایات بھی دے رہے ہیں اور بعض مقامات پر ٹریفک جام ہونے کی شکایت پر افسران کی سرزنش بھی کی۔ کراچی ٹریفک پولیس کے 25رمضان المبارک سے چاند رات تک خصوصی ٹریفک کنٹرول و ٹریفک روانی پلان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر کی ہدایت پر شہر بھر کی تمام مارکیٹوں، شاپنگ سینٹروں کے قریب تمام بس اسٹاپس پر ٹریفک پولیس نفری میں اضافہ بھی کیا ہے تاکہ مارکیٹس، شاپنگ ایریاز کے ساتھ سڑکوں، بس اسٹاپوں پر گاڑیوں، رکشہ ٹیکسی کی غیر ضروری پارکنگ سے ٹریفک جام نہ ہو اور مسافروں کو سفری مشکلات کا بھی سامنا نہ کرنا پڑے۔ بلخصوص صدر، بوہری بازار، جامعہ کلاتھ مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، مچھی میانی مارکیٹ کھارادر، حیدری مارکیٹ، نارتھ کراچی سمیت ضلع سینٹرل کے مختلف شاپنگ سینٹروں، لانڈھی نمبر 3بابر مارکیٹ، کورنگی نمبر 4، کورنگی ڈبل روڈ، کورنگی نمبر 2، ڈیفنس موڑ، اختر کالونی، گلشن اقبال، سند باد، جوہر موڑ، ملینیئم مال موڑ، ملیر لیاقت مارکیٹ، ملیر ہالٹ، کالابورڈ، قائد آباد موڑ، داؤد چورنگی لانڈھی، طارق روڈ، بہادر آباد، گل سینٹر، ایم اے جناح روڈسمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ جہاں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات اور نفری میں اضافہ کیا گیا ہے۔عوامی حلقوں نے اس مرتبہ رمضان المبارک میں شدید گرمی کے دوران بھی ٹریفک پولیس کی بہتر کارکردگی کو سراہا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -