آئی جی سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی ویڈیولنک اجلاس
کراچی(کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی ویڈیولنک اجلاس میں ماہ صیام کے جمعتہ الوداع,یوم القدس،شب قدراور بعداذاں عیدالفطر کے کے حوالے سے صوبائی سطح پراٹھائے جانیوالے مجموعی سیکیورٹی اقدامات،حکمت عملی لائحہ عمل اور ترجیحات کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مزید ضروری ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں سندھ کے تمام ایڈیشنل آئی جیز اورڈی آئی جیز نے شرکت کی۔آئی جی سندھ نے دوران اجلاس ڈی آئی جی ایسٹ کو جرائم کیخلاف انکی کارکردگی اور خودکش جیکٹ کی برآمدگی پر شاباش دی۔آئی جی سندھ نے کہا ماہ صیام کے آخری عشرے کے دوران جمعتہ الوداع/یوم القدس/شب قدراوربعداذاں عیدکے موقع پرمرکزی مساجد، امام بارگاہوں ودیگر کھلے مقامات/عید گاہوں پرسیکیورٹی اقدامات کو صوبائی سطح پر انتہائی مربوط اورٹھوس بنایا جائے۔ انہوں نے نمازتراویح، تکمیل قرآن اورمحافل شبینہ کے مواقعوں پرتھانہ جات، تمام ترحفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ تعینات اہلکاروں کو سیکیورٹی فرائض کی اہمیت کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی پوائنٹس ہر گز خالی نہ چھوڑنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس کی مناسبت سے تمام ریلیوں اور اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیئے سیکیورٹی کے مجموعی امور کو باہم روابط اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں ریلیوں کے منتظمین سے بھی رابطوں کو یقینی بنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ جمعتہ الوداع کے موقع پرتمام مساجد، امام بارگاہوں اوردیگر کھلے مقامات پر مستعد اورچوکنا حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور نماز جمعہ کے اجتماعات میں شہریوں کی کثیر تعداد کو پیش نظر رکھ کرپیٹرولنگ اوراسنیپ چیکنگ جیسے اقدامات کونماز جمعہ کے اجتماعات کے اطراف میں ترجیح دی جائے۔