اسفند یارولی خان کی پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی مذمت

اسفند یارولی خان کی پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی ...

  

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر پولیس کے کریک ڈاو¿ن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتقام میں اندھی، گونگی اور بہری ہوچکی ہے ،غیر جمہوری رویے موجودہ حکمرانوں کا وطیرہ ہیں ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے پیپلزپارٹی کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرے اور ایسا ماحول پیدا کرنے سے گریز کرے جو جمہوریت کیلئے خطرے کا باعث ہو ، انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم کی حکومت کو جمہوری حکومت نہیں کہا جا سکتا،چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے سیاسی مخالفین کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت اور اکثریت حکمرانوں کو کھٹک رہی ہے اور بد حواسی کے عالم میں ایسے فیصلے کئے جارہے ہیں جس سے سندھ حکومت کو نقصان پہنچایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے والے اسلام آباد میں اپنا126دن کا دھرنا یاد رکھیں ، انہوں نے کہا کہ گرفتار کئے گئے کارکنوں کو رہا کر کے لاٹھی چارج اور خواتین ممبران اسمبلی کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے، احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اقتدار کے نشے میں مست حکمران حقیقت کا سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا کریں، انہوں نے کہا کہ اے این پی شفاف اور بلا امتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ غیر جانبدارانہ احتساب کا عمل حکمرانوں سے شروع کیا جائے اور نیب کو بطور ہتھیار سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -