پچھلے 10 ماہ میں پاکستان سے پھلوں اورسبزیوں کی برآمدات میں کتنا اضافہ ہوگیا؟ جان کر ہر پاکستانی خوش ہوجائے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی معیشت اس وقت شدید بحرانی کیفیت سے دوچار ہے اور معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کیفیت سے نکلنے کے لیے ہمیں اپنی درآمدات کم کرنی اور برآمدات بڑھانی ہوں گی۔ اب اس حوالے سے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان کی پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ محکمہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ مالی سال کے پہلے 10ماہ میں گزشتہ سال اسی عرصے کی نسبت پاکستان کی پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں 6.37فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
دی نیوز کے مطابق اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2018-19ءمیں جولائی سے اپریل تک پاکستان سے 380اعشاریہ 869ملین ڈالر کے پھل برآمد کیے گئے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 358اعشاریہ 062ملین ڈالر کے پھل برآمد ہوئے تھے۔ اسی طرح موجودہ مالی سال کے اس عرصے میں 32اعشاریہ 501ملین ڈالر کی سبزیاں برآمد کی گئیں۔ گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں یہ عدد 30اعشاریہ 634ڈالر تھا۔