بجٹ اجلاس میں اراکین اسمبلی کیلئے فول پروف حکمت عملی طے کی جا رہی ہے

  بجٹ اجلاس میں اراکین اسمبلی کیلئے فول پروف حکمت عملی طے کی جا رہی ہے

  

لاہور(این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہونے والے تمام شعبوں اور عوام کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی ریلیف اور معاونت فراہم کی جائے گی، پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پر اراکین اسمبلی کوکوروناوائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے فول پروف حکمت عملی طے کی جارہی ہے،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ادوار میں بطور سربراہ ریاست ملنے والے تحائف پر بھی ہاتھ صاف کئے گئے جس سے ان کے اندر کی حرص و لالچ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ میڈیا نمائندوں کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے درجنوں شعبوں کو نہ صرف ٹیکسز میں چھوٹ دی گئی ہے بلکہ انہیں وفاق کے تحت ریلیف پیکج بھی فراہم کیا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی عوام او رمختلف شعبوں کو نہ صرف ریلیف دیا جائے گا بلکہ ان کی معاونت بھی جاری رہی گی جس کا مقصد معیشت کو متحرک رکھناہے۔ حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ عام عوام سے بھی بجٹ تجاویز طلب کی گئی ہیں اور قابل عمل تجاویز کو بجٹ دستاویز میں جگہ دی جائے گی۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ٹڈی دل نے 17اضلاع میں حملہ کیا ہے جسے روکنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے صوبائی محکمے بھی الرٹ ہیں۔ انہوں مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کا پھیلاؤ جاری ہے اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ اس کی روک تھام کیلئے حکومتی کوششوں میں ساتھ دیں۔

مسرت چیمہ

مزید :

صفحہ آخر -