پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر صوبے میں ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے وقف
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ٹڈی دل کے خاتمے کی مہم کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا۔ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ اجلاس میں ٹڈی دل کے تدارک کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کی سرویلنس کیلئے ہیلی کاپٹر کو استعمال میں لایاجاسکے گااورمحکمہ زراعت اورپی ڈی ایم اے حکام کو ہیلی کاپٹراستعمال میں لانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں اوراداروں کو ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے 24گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے غیر معمولی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے اورفصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے وسائل فراہم کیے ہیں۔وفاقی حکومت کے تعاون سے فضائی سپرے بھی کیا جارہا ہے۔ جامع لائن آف ایکشن کے ذریعے ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے تسلسل کیساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں اور جون اورجولائی میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کے حوالے سے پیشگی تیاریاں کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات سے عوام خصوصاً کسانوں کو آگاہ رکھاجائے اورٹڈی دل سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اورصوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمو دالرشید نے ملاقات کی،جس میں پنجاب میں کوروناوباء کا پھیلاؤ روکنے،ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں اورآئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاری کردہ ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوروناپر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے کیونکہ سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہی بیمار ی کا پھیلاؤکم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوروناہماری زندگیوں میں آچکا ہے،اب احتیاط سے ہی زندگی بسرکرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے اور محکمے گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں اور موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔بعدازاں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے صوبائی وزراء اختر ملک اورراجہ راشدحفیظ کو ٹیلیفون کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا سے متاثرہ اختر ملک اورراجہ راشدحفیظ کی خیریت دریافت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اختر ملک اورراجہ راشدحفیظ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اختر ملک اورراجہ راشدحفیظ کی صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلدکورونا سے صحت یاب کرے۔ اختر ملک اورراجہ راشدحفیظ نے خیریت دریافت کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا وائرس سے شہید ہونیوالی لیڈی ڈاکٹرثناء فاطمہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرثناء فاطمہ نے جرات اورقربانی کی لازوال مثال قائم کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر اورپیرا میڈیکل سٹاف کورونا کے خلاف جنگ میں ہمارا ہراول دستہ ہیں۔مزید برآں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے چیئرمین پنجاب قرآن بورڈمولانا غلام محمد سیالوی،چیئرمین پیمراسلیم بیگ کی والدہ اور آرپی او فیصل آبادراجہ رفعت مختارکے بھائی کے انتقال پر سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ /ہیلی کاپٹر