کورونا ایک عالمی وباء کی صورت اختیار کرگیا ہے، ڈاکٹر بیکھا رام

  کورونا ایک عالمی وباء کی صورت اختیار کرگیا ہے، ڈاکٹر بیکھا رام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حیدرآباد(بیورورپورٹ)لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بیکھارام نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء کی صورت اختیار کرگیا ہے، گھبرانے کے بجائے احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس کا مقابلہ کیا جانا چاہئے، کورونا وائرس سے بچنے کا واحد طریقہ احتیاط ہے۔وہ پی ایم اے حیدرآبا دکے زیر اہتمام سول ہسپتال حیدرآباد کے آڈیٹوریم میں دو روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کررہے تھے، قبل ازین لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، یونیورسٹی کے پروائس چانسلر پروفیسر اکرام اُجن، رجسٹرار ڈاکٹر سروپ بھاٹیا، پی ایم اے حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر آغا تاج محمد، جنرل سیکریٹری محمد زمان بلوچ نے بھی خطاب کیا، ورکشاپ میں سلائیڈوں کی مدد سے پروجیکٹر پر کورونا وائرس سے متعلق ہال میں موجود کنسلٹنٹ ڈاکٹرز، نرسزاور پیرامیڈیکل اسٹاف کو آگاہی بھی فراہم کی گئی۔مقررین نے کہا کہ کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کو علاج کے ذریعے صحت یاب کیا جارہا ہے اور بڑی تعداد میں مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں اس کیلئے اولین ذمہ داری خود متاثرہ افراد کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق علامات کے ظاہر ہونے پر ہسپتال میں اپنا مکمل چیک اپ کرائیں اور اس حوالے سے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرکے خود بھی اس سے بچیں اور اپنے اہل خانہ، عزیز واقارب اور دوست احباب کو بھی بچائیں، انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس سے متعلق آگاہی پروگرام نہ صرف حیدرآباد بلکہ پورے حیدرآباد ڈویژن کی سطح پر کیا جارہا ہے جس کا مقصد کنسلٹنٹ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے، پی ایم اے حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر آغا تاج محمد نے بتایا کہ ہر ماہ اس طرح کے پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں تاکہ کورونا سمیت دیگر بیماریوں کے حوالے سے نئی اپ ڈیٹ دی جاسکے۔