دین اسلام انسانیت کے لیے نعمت خداوندی ہے، عبدالرحمن سلفی

  دین اسلام انسانیت کے لیے نعمت خداوندی ہے، عبدالرحمن سلفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (پ ر) نائب امیر جماعت غرباء اہلحدیث و مدیر جامعہ ستاریہ اسلامیہ مولانا حافظ محمد سلفی نے جامع مسجد امام ابن تیمیہ میں جمعۃ المبارک کا خطبہ ارشاد فرماتے ہوئے کہا کہ دین اسلام انسانیت کے لیے نعمت خداوندی ہے۔ کامل، مکمل اور اکمل دین متین نے بنی نوع انسان کے لئے ایسا ضابطہ اخلاق پیش کیا ہے، جسے دنیا کے دوسرے مذاہب پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ مولانا سلفی نے کہا افریقہ میں کینیا کے ڈاکٹر محمد یوسف کی تحقیق کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے،کہ خشوع و خضوع سے پڑھی جانے والی نماز سے انسانی جسم میں موجود بیماریاں ختم ہو جایا کرتی ہیں۔ ادھر مسجدرحمانیہ دادا بھائی ٹاؤن میں جماعت کے ممتاز دینی اسکالر حافظ محمد صہیب شاہد نے دعا اور عبادت کی قبولیت پر خطبہ جمعہ پڑھاتے ہوئے کہا کہ دعا مومن کی معراج ہے، دعا عبادت کا مغز ہے، اور صدق دل سے کی گئی دعا اور دیا گیا صدقہ تقدیر کو بدل دیا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلوت و جلوت میں بارگاہ ایزدی میں کی گئی عبادات کی قبولیت اس وقت درجہ قبولیت کو پہنچتی ہیں، جب انسان کے قلوب و اذہان دنیا و مافیہا سے بے خبر ہو کر صرف اور صرف رب کے حضور خود کو اس طرح پیش کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ میں اس وقت دنیا کے سب سے بڑے دربار خداوندی میں حاضر ہوں، اس گھر میں بیٹھ کر انسان جو کچھ مانگتا ہے وہ رب کی توفیق سے مل جایا کرتا ہے۔! مولانا مفتی عبد الغفار سامی نے محمدی مسجد برنس روڈ میں خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقل مزاجی اور استقامت سے کیے جانے والے اعمال بارگاہ خداوندی میں منظور و مقبول ہوجایا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ اللہ کی بارگاہ میں کون سے اعمال زیادہ پسندیدہ ہیں تو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ: تسلسل اور استقامت سے کیے جانے والے اعمال رب کی بارگاہ میں جلد قبول ہوتے ہیں، خواہ وہ چھوٹے اعمال ہی کیوں نہ ہو۔۔ انہوں نے کہا شوال شش عید کے چھ روزے رکھنے والے خواتین و حضرات کو پورے سال روزے رکھنے کا ثواب ملتا ہے۔