حکومت عوام کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، حسنین بہادر دریشک

  حکومت عوام کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، حسنین بہادر دریشک

  

راجن پور،جام پور(تحصیل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ کورونا سے بچاو کے لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ حکومت پنجاب کی جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔یہ باتیں انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی،چیف(بقیہ نمبر27صفحہ6پر)

ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر محبت علی،لائیوسٹاک،انڈسٹری، زراعت اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران موجود تھے۔اجلاس میں انسداد کورونا وائرس اقدامات، گندم خریداری مہم،انسداد ٹڈی دل آپریشن اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول بارے بریفنگ دی گئی۔ محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ ضلع راجن پور میں 1500سے زائد مشتبہ افراد کو کارونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 23 لوگوں میں کورونا مثبت آیاتھا ان میں بیشتر کا تعلق پولیس اور محکمہ صحت سے ہے۔ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے روزانہ کی بنیاد پر سبز ی و فروٹ منڈی کے علاوہ مختلف مارکیٹوں میں پرائس مجسٹریٹس چھاپے مار رہے ہیں۔ رمضان المبارک کے مہینے میں ذخیرہ اندوزوں اور زیادہ منافع خوروں کے خلاف بھرپور اور موثر کاروائیاں کی گئی۔ رواں ماہ کے دوران اب تک 23پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 724مارکیٹوں کے دورے کرکے 4068چھاپے مارے اور 582خلاف ورزیوں پر 9لاکھ 53ہزار5سوروپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 5افراد کے خلاف مقدمات درج کراکر انہیں جیل بھجوا دیا گیا ہے۔اور اب تک انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020کے تحت کاروائیوں کے دوران 131841بوری گندم ذخیرہ اندوزوں سے قبضہ میں لے کر محکمہ خوراک کے حوالے کردی گئی ہے۔ گندم خریداری مہم بارے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گندم خریداری پہلا مرحلہ کا ٹارگٹ مکمل ہو چکا ہے جو کہ 20لاکھ سے زائد بوری خرید کرنے کا تھا اور اب اضافی ہدف بھی بہت جلد مکمل ہونے والا ہے۔ اب تک ضلع بھر میں 118فی صد باردانہ تقسیم کیا جاچکا ہے جبکہ 112.5فی صد گندم خرید کی جاچکی ہے۔ اس موقع پر ٹڈی دل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع راجن پور میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ ضلع میں کل 4لاکھ 46ہزار146ایکڑ رقبہ کا سروے کیا گیا جبکہ 66ہزار6سو65ایکڑ رقبہ پر اسپرے کرکے ٹڈ ی دل کی بہت بڑی تعداد کو تلف کردیا گیا ہے۔ جس میں سے 15250 ایکڑ رقبہ پر فضائی جبکہ 51415ایکڑ رقبہ پر زمینی آپریشن کے دوران اسپرے کیا گیا۔ اب ضلع بھر میں کسانوں کی آگاہی برائے ٹڈی دل کے لیے سیمینارز منعقد کرائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر لائیواسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ہر صورت میں ٹڈی دل کے نقصانات سے بچانا ہے۔ کیونکہ کسان ہماری معیشت کی بنیادی اکائی ہیں۔انہوں نے کسانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ٹڈی دل کے خاتمے میں انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایت پر عملدرآمد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اس سلسلہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اپنی کاروائیاں مزید تیز کریں۔

حسنین بہادر

مزید :

ملتان صفحہ آخر -